بہار کے بیگوسرائے ضلع کا معاملہ۔ ضلع کے لاکھو تھانہ حلقہ کےنپنیا گاؤں میں 27 جولائی کو ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی، جس کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال لے جاتے ہوئے رسی سے کھینچے جانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیاتھا۔
نئی دہلی: بہار کے بیگوسرائے ضلع میں ایک شخص کی لاش کو رسی سے باندھ کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال لے جانے کے مبینہ معاملے میں ایک سب انسپکٹر (ایس آئی) کو سنیچر کو معطل کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد کی گئی ہے، جس میں ایک شخص کی لاش کو رسی سے گھسیٹتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال لے جاتے ہوئے دیکھاجا سکتا ہے۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد لوگوں میں غم و غصہ ہے۔
حکام نے بتایا کہ بدھ (27 جولائی) کو ضلع کے لاکھو تھانہ حلقہ کے نپنیا گاؤں میں ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی۔
ہندوستان کی رپورٹ کے مطابق، نپنیا گاؤں میں سیمنٹ فیکٹری کے قریب ایک پائپ میں لاش ملی تھی۔ بدبو سے بچنے کے لیے سب انسپکٹر نے سوئپر کو بلایا تھا۔ لاش کو احترام کے ساتھ باہر نکالنے کے بجائے اس کے پاؤں میں رسی باندھ کر پائپ سے نکالا گیا۔ اس کے بعد این ایچ 31 تک گھسیٹ کر لایا گیا اور ٹریکٹر پر صدر اسپتال بھیجا گیا۔ یہاں تک پہنچنے کے بعد بھی لاش کی ٹانگ سے رسی بندھی ہوئی تھی اور کھینچ کر ہی اسے پوسٹ مارٹم روم بھیجا گیا۔
बेगूसराय में शव को रस्सी से खिंचवा रही है पुलिस, संवेदनहीन पुलिस की ये करतूत देखिए… pic.twitter.com/dlXVVrVmGX
— News18 Bihar (@News18Bihar) July 28, 2022
لاکھو تھانہ کے انچارج کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ چوکیدار کا کردار بھی مشکوک پایا گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ یوگیندر کمار نے کہا، ‘ایس آئی انل کمار سنگھ کو معاملے کی تحقیقات کرنے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جانے کو کہا گیاتھا۔ انہوں نے دو صفائی اہلکاروں کو اس کام میں لگایا، جنہوں نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بیگوسرائے صدر اسپتال لے جاتے ہوئے رسی سے گھسیٹا۔
کمار نے کہا کہ یہ ایک غیر انسانی فعل ہے اور ایک پولیس افسر کو لاش کے ساتھ اس طرح کا سلوک کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ کو معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس سے غم و غصہ پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پولیس کی حساسیت پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران یہ بھی پتہ چلا ہے کہ لاش کو مردہ خانے لے جاتے وقت بھی ٹانگوں میں رسی باندھ کر کھینچا گیا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں