گاندھی پیس فاؤنڈیشن کی جانب سے ہندوستانی زبانوں کے صحافیوں کو دیا جانے والا یہ ایوارڈ سال 2021 کے لیے آزاد صحافی اور یوٹیوبر اجیت انجم کو دیا گیا ہے۔
نئی دہلی: گاندھی پیس فاؤنڈیشن نے سوموار کو اعلان کیا کہ دی وائر کی سینئر ایڈیٹر عارفہ خانم شیروانی کوسال 2022 کے لیےکلدیپ نیرپترکاریتا سمان ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
یہ ایوارڈ صحافی، مصنف اور انسانی حقوق کے کارکن کلدیپ نیر کی وراثت کے اعزاز میں دیا جاتا ہے اور یہ جمہوری اقدار اور آزاد میڈیا میں اپنی خدمات دینے والے ہندوستانی صحافیوں کو دیاجاتا ہے۔
اس ایوارڈ کا اعلان معروف ماہر تعلیم اور مصنف آشیش نندی نے سوموار کو نئی دہلی میں پریس کلب آف انڈیا میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ، ‘ہندوستانی جمہوریت کا مستقبل ہمارے ساتھ ہے، نہ کہ ان لوگوں کے ساتھ جو ملک میں میڈیا کو کنٹرول کرتے ہیں۔ مجھے اس شخص کا ذکر کرتے ہوئے بے حد مسرت ہو رہی جن کے نام پر یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے، کلدیپ نیر۔ وہ سمجھوتہ نہ کرنے والے صحافی تھے اور انہوں نے میڈیا پر کسی بھی طرح کے کنٹرول کے خلاف کبھی سر نہیں جھکایا۔
نندی نے یہ بھی اعلان کیا کہ 2021 کے لیے یہ ایوارڈ فری لانس صحافی اور یوٹیوبر اجیت انجم کو دیا جائے گا۔
نندی نے کہا، آج ہم ان دو نوں صحافیوں کو نہ صرف اپنی نمائندگی کرنے والوں کے طور پر پہچانتے ہیں، بلکہ وہ پورے ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ جس ہمت، استقامت اور محنت کا مظاہرہ انھوں نے گزشتہ برسوں میں کیا ہے، ہم اس کے لیے ان کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔
ایوارڈرواں سال کے آخر میں ایک عوامی تقریب میں دیے جائیں گے۔
Categories: خبریں