سال 2020 کے شمال–مشرقی دہلی فسادات کے بعد سے 2022 کے ایم سی ڈی انتخاب اس خطے میں ہونے والے پہلے بڑے انتخاب تھے۔ انتخاب میں جنوبی دہلی کے شاہین باغ علاقے میں دو وارڈوں میں کانگریس کی خواتین امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے کے باوجود بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے یمنا پار کے علاقوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،جس میں 2020 میں فرقہ وارانہ فسادات سے متاثر رہا شمال–مشرقی دہلی بھی شامل ہے۔ لیکن شہر کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں پارٹی کی کارکردگی ناقص رہی۔ اعداد وشمار سے یہ جانکاری ملی ہے۔
فسادات کے بعد سے 2022 کے ایم سی ڈی انتخابات اس خطے میں ہونے والے پہلے بڑے انتخابات تھے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، شمال–مشرقی دہلی میں، جہاں فروری 2020 میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے، بی جے پی نے ضلع کے 19 وارڈوں میں سے 12 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ وہیں عآپ نے چار اور کانگریس نے دو سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور ایک سیٹ آزاد امیدوار کے کھاتے میں گئی ہے۔
سال 2017 میں بی جے پی سے جیتنے والے کئی لیڈر ضلع میں اکثریت کے ساتھ دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔ کراول نگر میں بی جے پی کی شملا دیوی نے عآپ کی آشا بنسل کو 9000 سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔ 2017 میں بی جے پی لیڈر پنیت شرما نے اس سیٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔
شملا دیوی نے کہا، دنگوں نے گھروں اور زندگیوں کو تباہ کر دیا، لیکن ہم نے اسے اپنے کام پر اثر انداز نہیں ہونے دیا۔ اس سے اس خیال پر بھی کوئی اثر نہیں ہوا کہ لوگ ہمارے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ ہم نے علاقے میں پارکوں کی بہتری اور صفائی کے لیے کام کیا۔ مجھے یقین ہے کہ لوگوں نے اسے دیکھا اور مجھ پر بھروسہ کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے مجھے ووٹ دے کر کامیاب کیا۔
کراول نگر (مغربی) میں بی جے پی کے ستیہ پال سنگھ دوبارہ کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘میڈیا اور لوگوں میں پارٹی کے بارے میں ایک سوچ ہے۔ ہم صرف عوام کے لیے کام کرتے ہیں۔ وہ پارٹی پر بھروسہ کرتے ہیں اور جانتے ہیں کہ کسی بھی فساد سے پارٹی کے کام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
بی جے پی نے کونڈلی، موج پور، دیال پور، سبھاش محلہ اور یمنا وہار میں بھی سیٹیں جیتیں۔ نہرو وہار میں، جہاں عآپ کونسلر طاہر حسین پر دنگا کرنے کا الزام لگایا گیا تھا اور انہیں گرفتار کر لیا گیاتھا،عآپ کے امیدوار کو بی جے پی کے ارون سنگھ بھاٹی نے شکست دی ہے۔
عآپ کی چھایا گورو شرما نے برہم پوری سے جیت حاصل کی، بی جے پی لیڈر راج کمار کو شکست دی، جبکہ کانگریس کی نازیہ خاتون اور سبیلہ بیگم نے فساد زدہ علاقوں برج پوری اور مصطفی آباد سے کامیابی حاصل کی۔
عآپ کے رمیش کمار بسیا نے نند نگری سیٹ سے بی جے پی کے کے آر رنکو کو 54 ووٹوں کے معمولی فرق سے شکست دی۔ انہوں نے کہا، ‘بی جے پی نے علاقے میں کچھ نہیں کیا اور وہ فسادات کے بعد بھی خاموش رہے۔ لوگ انہیں ووٹ کیوں دیں گے؟ ہم لوگوں کے لیے بے تحاشہ کام کر رہے ہیں اور ایم سی ڈی میں بھی ایسا ہی کریں گے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی/بھاشا کے مطابق، بی جے پی نے مشرقی دہلی پارلیامانی حلقہ میں 36 میں سے 22 وارڈوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ پارٹی کے ایم پی گوتم گمبھیر کے حلقہ مشرقی دہلی میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے 11 اور کانگریس نے تین وارڈ جیت لیے ہیں۔
شمال–مشرقی دہلی لوک سبھا حلقہ میں بی جے پی نے 41 میں سے 21 وارڈوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ منوج تیواری یہاں سے ایم پی ہیں۔
حالانکہ پٹیل نگر اسمبلی حلقہ میں پارٹی چار میں سے ایک وارڈ بھی نہیں جیت سکی۔ بی جے پی کی دہلی یونٹ کے صدر آدیش گپتا یہاں رہتے ہیں۔عآپ نے چاروں سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
جنوبی دہلی میں بی جے پی صرف میٹھا پور سے جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ میٹھا پور بدر پور اسمبلی حلقہ کے تحت آتا ہے، جس کی نمائندگی دہلی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف رام ویر سنگھ بدھوڑی کرتے ہیں۔ اس اسمبلی حلقہ کی باقی سیٹوں پر عآپ کے امیدواروں کو فاتح قرار دیا گیا ہے۔
شاہین باغ: کانگریس نے ابوالفضل انکلیو، ذاکر نگر وارڈ میں جیت حاصل کی
ایم سی ڈی انتخابات میں جنوبی دہلی کے شاہین باغ علاقے میں دو وارڈوں میں کانگریس کی خواتین امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ شاہین باغ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف احتجاج کا مرکز تھا۔
عام آدمی پارٹی نے بدھ کو ایم سی ڈی انتخابات میں 134 سیٹیں جیت کر بی جے پی کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ کیا۔ ایم سی ڈی کے 250 وارڈوں میں ہوئے انتخابات میں بی جے پی کو 104 سیٹیں ملیں جبکہ کانگریس کو صرف نو سیٹیں ملیں۔
اوکھلا سے سابق کانگریس ایم ایل اے آصف محمد خان کی بیٹی اریبہ نے ابوالفضل انکلیو سے 16554 ووٹ حاصل کیے، انہوں نے عآپ کے واجد خان کو 1479 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، کانگریس کی نازیہ دانش نے ذاکر نگر میں عآپ کے سلام خان کو 473 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ یہ دونوں وارڈ اوکھلا اسمبلی حلقہ کے تحت آتے ہیں، جس پر عام آدمی پارٹی کے امانت اللہ خان کا قبضہ ہے۔ شاہین باغ اس علاقے میں آتا ہے، اور وہاں بڑی تعداد میں خواتین کی قیادت میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔
دہلی کانگریس کے سربراہ انل چودھری نے 4 دسمبر کو ہوئے میونسپل انتخابات سے چند دن پہلےالزام لگایا تھاکہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور ان کی عام آدمی پارٹی نے دہلی میں دلتوں اور اقلیتوں کے حقوق پر’جھاڑو’ چلا دیا ہے۔
مصطفی آباد میں، کانگریس کی سبیلہ بیگم نے کامیابی حاصل کی، انہوں نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے امیدوار کو 6582 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ کانگریس نے برج پوری وارڈ بھی جیتا، جہاں نازی خاتون نے اے اے پی کی آفرین ناز کو 2118 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں