یو آئی ڈی اے نے کہا کہ شہری خاندان کے سربراہ کے ساتھ تعلق ظاہر کرنے والے کسی بھی دستاویز- مثلا، راشن کارڈ، پاسپورٹ وغیرہ جمع کر کے ایڈریس کو آن لائن اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔ اگر کسی کے پاس ایسا کوئی دستاویز نہیں ہے تو وہ خاندان کے سربراہ کی طرف سے ایک مقررہ فارمیٹ میں سیلف ڈیکلریشن جمع کر سکتا ہے۔
نئی دہلی: ہندوستان کی منفرد شناختی اتھارٹی (یو آئی ڈی اے) نے اب لوگوں کو یہ سہولت فراہم کی ہے کہ وہ اپنے خاندان کے سربراہ کی رضامندی سے آدھار کارڈ میں اپنا پتہ آن لائن اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں۔
یو آئی ڈی اے آئی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس کے لیے خاندان کے سربراہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو ظاہر کرنے والا کوئی بھی دستاویز جمع کر کےاپنا پتہ آن لائن اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔ اس طرح کے دستاویزات میں راشن کارڈ، مارک شیٹ، میرج سرٹیفیکیٹ اور پاسپورٹ شامل ہیں جن پر خاندان کے سربراہ اور متعلقہ شخص دونوں کا نام اور رشتہ درج ہو۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس ایسا کوئی دستاویز نہیں ہے تو وہ خاندان کے سربراہ کی طرف سے دیا گیا سیلف ڈیکلریشن ایک مقررہ فارمیٹ میں جمع کرسکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے، خاندان کے سربراہ کی رضامندی سے آدھار میں ایڈریس کو آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت کسی شہری کے بچوں، شریک حیات یاوالدین جیسےان قریبی رشتہ داروں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگی، جن کے پاس اپنے نام پر معاون دستاویز نہیں ہیں۔ لوگ مختلف وجوہات سے شہر اور قصبے بدلتے رہتے ہیں، ایسے میں یہ سہولت لاکھوں لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
آدھار میں درج ایڈریس کو اپ ڈیٹ کرنے کی یہ نئی سہولت پہلے سے جاری سہولت سے مختلف ہے۔ یو آئی ڈی اے پہلے سے ہی درست دستاویزات کی بنیاد پر پتہ اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
اتھارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے کسی بھی فرد کو خاندان کا سربراہ سمجھا جا سکتا ہے اور وہ اپنے گھر کے دیگر افراد کے ساتھ اپنا پتہ شیئر کر سکتا ہے۔
اتھارٹی کے ‘مائی آدھار’ پورٹل پر جا کر پتہ آن لائن اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے اتھارٹی نے 50 روپے کی فیس بھی مقرر کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، اس کے بعد فرد کو خاندان کے سربراہ کا آدھار نمبر داخل کرنے کی اجازت ہوگی، جو صرف تصدیق کے لیے ہوگا۔ گھر کے سربراہ کی مناسب رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے اسکرین پر ان کے آدھار کی کوئی دوسری معلومات ظاہر نہیں کی جائے گی۔
خاندان کے سربراہ کے آدھار نمبر کی تصدیق کے بعد، فرد کو متعلقہ دستاویز کا ثبوت اپ لوڈ کرنا ہوگا۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں