خبریں

آسٹریلیا: ’اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی‘ کے بانی ریپ اور ڈرگ دینے کے 39 معاملوں میں قصوروار

‘اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی’ آرگنائزیشن کے آسٹریلیائی ونگ کے بانیوں میں سے ایک بالیش دھنکھڑ پر ریپ کے 13معاملے، ریپ کے ارادے سے منشیات دینے کے 6 معاملے، رضامندی کے بغیرویڈیو ریکارڈ کرنے کے 17  معاملے اور تین غیراخلاقی حملوں سے متعلق معاملے تھے۔

بالیش دھنکھڑ۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@AamAadmiParty)

بالیش دھنکھڑ۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@AamAadmiParty)

نئی دہلی: آسٹریلیا میں سڈنی کی ایک ضلع عدالت کی جیوری نے 24 اپریل کو ‘اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی‘ آرگنائزیشن کے آسٹریلیائی ونگ کے بانیوں میں سے ایک بالیش دھنکھڑ کو منشیات پلانے ، ریپ کرنے اور  پانچ کوریائی خواتین کے ساتھ ریپ   کرنے اوراس کی ریکارڈنگ کرنے کا قصوروار پایا ۔

آسٹریلیائی  پریس نے بتایاکہ جیوری اس کے جرائم کی سفاکی  سے کانپ گئی تھی۔

سڈنی مارننگ ہیرالڈ نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’بالیش دھنکھڑ سڈنی کی حالیہ تاریخ کے سب سے سفاک ریپ کرنے والوں میں سے ایک ہے۔

جیسا کہ دی وائر نے برطانوی ڈیلی میل کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ دھنکھڑ پر ریپ  کے 13 الزام لگے تھے، 6 الزام ریپ کے ارادے سے منشیات دینے کے تھے، 17 رضامندی کے بغیر ویڈیوز ریکارڈ کرنے کے تھے اور غیر اخلاقی حملے کے تین معاملے تھے۔

مجموعی طور پر، دھنکھڑ پر جنوری اور اکتوبر 2018 کے درمیان مبینہ طور پر 39 جرائم کا الزام لگایا گیا تھا۔

جیوری نے اسے تمام 39 الزامات میں قصوروار پایا۔

سڈنی کی خبروں کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دھنکھڑ کی تصاویر سوشل میڈیا پر دستیاب ہیں اور وہ تارکین وطن کے پروگراموں میں ایک اہم کردار ادا کرتا آ رہا تھا۔

اس نے جس ‘اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی’ نام کی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی ، اس نے مبینہ طور پر 2014 میں سڈنی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے استقبالیہ پروگرام کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پچھلے مارچ میں جب دھنکھڑ کے جرائم کی خبر پہلی بار منظر عام پر آئی، توتنظیم نے ٹوئٹ کیا کہ دھنکھڑ نے 2018 میں ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔

دھنکھڑنے مبینہ طور پر سڈنی کے ہلٹن ہوٹل بار میں خواتین سے ملاقات کی جب وہ کورین سے انگریزی ترجمہ کے کام کے لیے نوکری  کے اشتہار کے حوالے سے گئی تھیں، جو اس کے اپارٹمنٹ کے قریب واقع ہے۔

وہ اسی ہوٹل میں خواتین کو نشہ آور اشیاء دیتا تھا اور ان کاریپ کرتا تھا اور اس کی فلم بندی بھی کرتا تھا۔ تفتیش کاروں کو اس کے اپارٹمنٹ میں فلمائی گئی ریکارڈنگ کے کافی ثبوت ملے ہیں۔

سڈنی مارننگ ہیرالڈ کی  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ  ویڈیو پریشان کن تھے۔

اس کے مطابق، ‘ویڈیو کے مواد کو تفصیل سے بیان کرنا بہت مشکل ہے۔ ویڈیو دیکھتے ہوئے جیوری پریشان ہوگئی۔ ایک موقع پر ایسا لگا کہ بس اب  بہت زیادہ ہو گیا۔

بالیش دھنکھڑ کو سال کے آخر میں سزا سنائی جائے گی۔

‘دی اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی’ ایک عالمی تنظیم ہے جو بی جے پی کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے۔ دھنکھڑ نے مبینہ طور پر آسٹریلیا میں جو ونگ قائم کیا تھا، اس نے مبینہ طور پر 2014 میں سڈنی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے استقبالیہ پروگرام  کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اس رپورٹ کو انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔