’مودی کو ہٹانے کی امید تھی، لیکن ایسا نہیں ہوا‘: گجرات فسادات پر اپنی کتاب میں سونیا گاندھی نے کیا لکھا

سونیا گاندھی کی کتاب ’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کا سرورق۔ (بہ شکریہ: الفریڈ اے نوف)

سونیا گاندھی نے اپنی خودنوشت میں 2002 کے گجرات دنگوں کے بعد احمد آباد کے ایک ریلیف کیمپ میں پیش آنے والے واقعہ کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ایک باپ اپنی بے ہوش بیٹی کو گود میں اٹھائے ان کے پاس آیا اور بتایا کہ اس کی بیٹی کے ساتھ بار بار ریپ ہوا ہے۔ اس واقعہ سے وہ صدمے میں تھیں۔

نئی دہلی: کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی نے 2002 کے گجرات دنگوں کے بعد احمد آباد کے ایک ریلیف کیمپ میں پیش آنے والے واقعہ کو اپنی زندگی کے سب سے تکلیف دہ تجربات میں سے ایک بتایا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ کیمپ میں ایک باپ اپنی بے ہوش بیٹی کو گود میں اٹھائے ان کے پاس آیا تھا۔ اس نے بتایا کہ اس کی بیٹی کے ساتھ بار بار ریپ کیا گیا ہے اور ان سے مدد کی درخواست کی۔

سونیا گاندھی نے اس واقعہ کا ذکر اپنی خودنوشت ’بلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ میں کیا ہے۔ یہ کتاب منگل (10 نومبر 2026) کو جاری کی گئی۔ اس وقت سونیا گاندھی لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف تھیں۔ وہ گجرات فسادات کے بعد احمد آباد کا دورہ کرنے والے ایک کل جماعتی وفد کا حصہ تھیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، سونیا گاندھی نے کتاب میں لکھا ہے کہ احمد آباد کے ریلیف کیمپوں میں بڑی تعداد میں ایسے مرد، خواتین اور بچے تھے، جو فسادات کے دوران ہوئے تشدد سے شدید طور پرمتاثر تھے۔ وہ ایک عارضی ہال میں زمین پر بیٹھے ہوئے تھے۔

انہوں نے لکھا کہ شہر کا ماحول اب بھی خوفناک تھا۔ سڑکوں پر نوجوانوں کے گروہ مسلمانوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ وفد نے انتظامیہ سے ملاقات کی، لیکن اسے جو رپورٹ پیش کی گئی، اس میں متاثرین کے لیے کسی طرح کی ہمدردی نہیں تھی۔

سونیا گاندھی کے مطابق، انتظامیہ سے ملاقات کے بعد سکیورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے وفد کو بس میں بٹھایا گیا اور کچھ کیمپوں میں لے جایا گیا۔ ان میں سے ایک کیمپ میں انہیں وہ واقعہ دیکھنے کو ملا، جسے وہ اپنی زندگی کا سب سے تکلیف دہ لمحہ قرار دیتی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ کیمپ پہنچنے پر ایک لمبا اور انتہائی کمزور نظر آنے والا شخص اپنی گود میں ایک چھوٹی سی بچی کو اٹھائے ان کے سامنے آیا۔ بچی کا چہرہ زرد تھا اور وہ بے ہوش سی لگ  رہی تھی۔

سونیا گاندھی نے کتاب میں اس باپ کے حوالے سے لکھا ہے،’یہ میری بچی ہے، اسے دیکھیے، اسے اچھی طرح دیکھیے۔ درندوں نے اس کے ساتھ بار بار ریپ کیا ہے۔‘

اس کے بعد وہ شخص رونے لگا اور مدد کی فریاد کرنے لگا۔ وہ بار بار کہہ رہا تھا، ’میں کیا کروں، کیا کروں؟ کچھ کرو، کچھ کرو۔‘

سونیا گاندھی نے لکھا ہے کہ اس واقعہ نے انہیں پوری طرح توڑ کر رکھ دیا تھا۔ وہ صدمے اور خوف سے جکڑ گئی تھیں۔ انہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا کہیں اور کس طرح ردعمل ظاہر کریں۔ وہ بس تسلی کے چند الفاظ ہی کہہ سکیں۔

گجرات فسادات اور اس وقت کی حکومت کے بارے میں بھی لکھا

گجرات میں فروری 2002 میں گودھرا کے پاس سابرمتی ایکسپریس کے چار ڈبوں میں آگ لگا دی گئی تھی۔ ٹرین ایودھیا سے واپس آ رہی تھی اور اس میں ہندو کارسیوک سوار تھے۔ اس واقعہ میں 59  لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ اس کے بعد گجرات کے کئی علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا۔ فسادات میں ہلاک ہونے والوں کی بڑی تعداد مسلمانوں کی تھی۔

سونیا گاندھی نے لکھا ہے کہ ٹرین میں آگ لگنے کی وجہ اب بھی متنازعہ ہے، لیکن اس کے بعد کا تشدد پورے صوبے میں پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ ٹیلی ویژن پر تشدد کی خبریں دیکھ رہی تھیں اور گجرات میں اپنے ساتھیوں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ان کے مطابق، ریاستی انتظامیہ نے کوئی مدد نہیں کی۔

انہوں نے کتاب میں لکھا ہے کہ ان فسادات کو بی جے پی، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بجرنگ دل کے انتہا پسند عناصر نے ہوا دی تھی۔ اس وقت نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔

سونیا گاندھی نے مزید لکھا ہے کہ اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ وزیر اعلیٰ مودی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیں گے۔ لیکن کہا جاتا ہے کہ اپنی ہی پارٹی کے اندر سے دباؤ پڑنے کے سبب انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ 2005 میں امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے بعض ممالک نے گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔ لیکن 12 سال بعد، جب وہ ہندوستان کے وزیر اعظم بنے تو انہی ممالک نے ان کا اعزاز و اکرام کیا۔

ہارپر کولنز انڈیا سے شائع ہوئی 526 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں سونیا گاندھی نے اپنی زندگی کے کئی اہم مراحل کا ذکر کیا ہے۔ اس میں جنگ کے بعد کے اٹلی میں ان کا بچپن، نہرو-گاندھی خاندان میں ان کی شادی، راجیو گاندھی کا قتل اور سیاست میں ان کی آمد تک کا سفر شامل ہے۔