نارویجین صحافی ہیلی لیونگ کا ہندوستانی ویزا ردکیے جانے کی ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے مذمت کی

 نارویجین صحافی ہیلی لیونگ (بائیں)، اور مئی 2026 میں اوسلو میں اسٹیج سے جاتے وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک تصویر ۔ (تصویر: ویڈیو کا اسکرین گریب)

ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے نارویجین صحافی ہیلی لیونگ کا ویزا رد کیے جانے کی وجہ بتانے کے ساتھ ساتھ اس فیصلے کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس قدم کو سرکاری حکام کی جانب سے اپنے اختیارات کے حد سے زیادہ استعمال سے تعبیر کرتے ہوئے ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے کہا ہے کہ اس سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر ہندوستان کی شبیہ کو نقصان پہنچتا ہے۔

نئی دہلی: ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا (ای جی آئی) نے جمعرات (12 نومبر) کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے   نارویجین صحافی ہیلی لیونگ کا ہندوستانی ویزا رد کیے جانے کی مذمت کی ہے۔ اوسلو سے حیدرآباد جانے والی فلائٹ پکڑنے کے دوران بدھ (11 نومبر) کو ان کا ویزا رد کردیا گیا تھا۔

وہ 12 سے 14 نومبر تک تلنگانہ حکومت کی جانب سے منعقد ایک پروگرام میں شرکت کے لیے ہندوستان آرہی تھیں۔

اپنے بیان میں ایڈیٹرز گلڈ نے ویزا رد کیے جانے کی وجہ بتانے کا مطالبہ کیا ہے۔ گلڈ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ہیلی لیونگ کا واحد ’گناہ‘ مئی 2026 میں اوسلو میں ہوئی ایک پریس بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال پوچھنا تھا۔

دی وائر نے جمعرات کو اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ بدھ کو ہیلی لیونگ کو ناروے میں واقع ہندوستانی سفارت خانے سے فون آیا تھا۔ انہیں فون پر بتایا گیا کہ ان کا ویزا رد کردیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ویزا رد کرنے کی باضابطہ کارروائی مکمل کرنے کے لیے انہیں شخصی طور پر سفارت خانے آنے کو کہا گیا۔

لیونگ نے دی وائر کو بتایا کہ ہندوستان آنے کے لیے ان کے پاس ’سیاسی منظوری اور ویزا‘ دونوں تھے، لیکن اس کے باوجود ’وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں ہندوستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’ہندوستان میں میرے صحافی دوستوں کا کہنا ہے کہ ایسا اس لیے ہوسکتا ہے کہ مودی بدلہ لینے والے شخص ہیں اور آسانی سے کچھ بھولتے نہیں ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کیا سوچ رہے ہیں۔ کیا انہیں لگا کہ میں اس بارے میں نہیں لکھوں گی؟‘

ہیلی لیونگ اس سال مئی میں پیش آنے والے اس واقعہ کا ذکر کر رہی تھیں، جب وزیر اعظم نریندر مودی سے ایک سوال پوچھنے کے بعد وہ بین الاقوامی میڈیا کی سرخیوں میں آگئی تھیں۔ خاص طور پر ہندوستان میں ان کا نام کافی نمایاں ہوگیا تھا۔

انہوں نے مودی سے پوچھا تھا کہ کیا وہ ’دنیا کی سب سے آزاد پریس‘ کے کچھ سوالوں کے جواب دیں گے؟

تاہم وزیر اعظم ان کے سوال کا جواب دیے بغیر وہاں سے چلے گئے تھے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر اس واقعہ کو لے کر کافی بحث ہوئی تھی۔ کئی  لوگوں نے پریس کانفرنس سے بچنے اور اپنی حکومت پر تنقید کرنے والے سوالوں کا جواب نہ دینے پر وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ناروے کی صحافی ہیلی لیونگ کا ویزا ردکیے جانے پر ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا کا مکمل بیان درج ذیل ہے؛

ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا ناروے کی آزاد صحافی ہیلی لیونگ کو جاری کیے گئے ویزا کوآخری وقت میں رد کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہیلی لیونگ کی جانب سے شیئر کیے گئے بیان کے مطابق، انہیں حیدرآباد میں منعقد ہونے والے انڈیا سمٹ میں اظہار خیال کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔

تاہم، ہیلی لیونگ کے مطابق، ہندوستان کے لیے پرواز پکڑنے کی غرض سے ہوائی اڈے روانہ ہونے سے چند منٹ قبل انہیں ناروے میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ انہیں ہندوستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایڈیٹرز گلڈ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ ان کا ویزا رد کرنے کے پیچھے کیا وجہ ہے۔ ہیلی لیونگ ایک اہم بین الاقوامی صحافی ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان کا واحد ’گناہ‘ مئی 2026 میں اوسلو میں ہوئی ایک پریس بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال پوچھنا تھا۔

سرکاری حکام کی جانب سے اس طرح کی کارروائی اپنے اختیارات کے حد سے زیادہ استعمال کے مترادف معلوم ہوتی ہے۔ اس سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر ہندوستان کی شبیہ کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔

اظہار رائے کی آزادی ان بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے، جن کی پابندی ہر جمہوری نظام کرتا ہے۔ یہ ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 19(1)(اے) کے تحت حاصل ایک بنیادی حق بھی ہے۔

ایڈیٹرز گلڈ مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت ہیلی لیونگ کا ویزا ردکیے جانے کی وجہ عوام کے سامنے واضح کرے۔

گلڈ یہ مطالبہ بھی کرتا ہے کہ ویزا رد کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے اور ہیلی لیونگ کو ہندوستانی عوام کے سامنے اپنے خیالات پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔

مخلص،

سنجے کپور، صدر

راگھون شری نواسن، جنرل سکریٹری