کرناٹک کے بی جے پی ایم ایل اے ہریش پونجا نے گوپال کرشن مندر ٹرسٹ کے ایک پروگرام کے دوران اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔ انہیں آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان سے یہ پوچھتے ہوئے سنا گیا کہ مسلم کمیونٹی کو اس تقریب میں کیوں مدعو کیا گیا۔ اب مندر ٹرسٹ نے مسلم کمیونٹی سے معافی مانگی ہے۔
اتر پردیش بی جے پی کے ترجمان اور وکیل پرشانت پٹیل امراؤ نے 23 فروری کو ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ تمل ناڈو میں 15 مہاجر مزدوروں کو ہندی بولنے کی وجہ سے مارا پیٹا گیا، جن میں سے 12 کی موت ہو گئی۔ اس دعوے کو فرضی قرار دیتے ہوئے تمل ناڈو پولیس نے ان کے خلاف غلط جانکاری پھیلانے کا مقدمہ درج کیا تھا۔
سال 2018 میں فلمساز وویک اگنی ہوتری نے ٹوئٹر پر لکھا تھاکہ دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس ایس مرلی دھر نے ایلگار پریشد کیس میں ملزم گوتم نولکھا کی نظر بندی کے فیصلے کو اس لیے ردکر دیا تھا کہ وہ جج کی بیوی کے دوست تھے۔ اگنی ہوتری کی معافی کے بعد عدالت نے کہا کہ وہ اس کے سامنے پیش ہو کر اظہار افسوس کریں۔