گزشتہ دنوں ‘ہندو یودھا سنگٹھن’ سے وابستہ کچھ لوگوں نے سور کے گوشت کے ٹکڑے، مذہبی صحیفہ کے پھٹے ہوئے صفحات اور مسلمانوں کے خلاف لکھے کچھ خطوط ایودھیا کی کچھ مسجدوں اور مزاروں کے قریب پھینک کر فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس معاملے میں کلیدی ملزم مہیش مشرا مسلم مخالف رہا ہے۔ اس نے نہ صرف مسلمانوں کو قتل کرنے کی اپیل کی ہے بلکہ ان کے اقتصادی بائیکاٹ کی بھی اپیل کر چکا ہے۔
ایودھیا پولیس کے مطابق، کچھ سماج دشمن عناصر نے گوشت کے ٹکڑے، مذہبی صحیفے کے کچھ پھٹے ہوئے صفحات اور مسلمانوں کے لیے توہین آمیز خطوط شہر کی بعض مساجد اور مزار کے پاس پھینک کر فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد ‘ہندو یودھا سنگٹھن’ سے وابستہ ہیں۔ اس کے ڈائریکٹر ہسٹری شیٹر مہیش مشرا ہیں۔
یوپی پولیس نے بتایا ہے کہ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کی اتر پردیش اکائی کے نئےاسٹیٹ سکریٹری ارویند راج ترپاٹھی کے خلاف کچھ معاملوں میں یوپی غنڈہ ایکٹ اور گینگسٹرس ایکٹ کے تحت بھی الزام ہیں۔ وہیں پارٹی کا کہنا ہے کہ ترپاٹھی کے خلاف صرف ایک ہی معاملہ زیر التوا ہے۔