فلمساز اویناش داس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دو تصویریں شیئر کی تھیں۔ ان میں سے ایک تصویر وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ جھارکھنڈ کی گرفتار آئی اے ایس افسر پوجا سنگھل کی تھی، جبکہ دوسری تصویر میں ایک خاتون نظر آ رہی تھی، جس کے بدن پر قومی پرچم پینٹ کیا گیا تھا۔
گجرات پولیس نے منی لانڈرنگ کیس میں حال ہی میں گرفتار جھارکھنڈ کی مائننگ (کان کنی)سکریٹری پوجا سنگھل کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تصویر شیئر کرنے کے معاملے میں فلمساز اویناش داس کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے خلاف 17 مارچ کو فیس بک پر ایک مورف شدہ تصویر شیئر کرکے قومی پرچم کی توہین کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے، جس میں ایک خاتون ترنگا پہنے نظر آرہی ہیں۔
مدھیہ پردیش کے ریوا سے بی جے پی ایم پی جناردن مشرا نے آئی اے ایس افسر پر غیر قانونی کالونی میں رہنے والے لوگوں سے رشوت لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب میونسپل کمشنر سبھاجیت یادو آپ کے پاس آئے اورپیسے مانگے تو مجھے بلانا۔ میں آؤں گا اور ایک گڑھا کھود کر اس کو زندہ گاڑ دوں گا۔