حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سے مقتبس؛ کربلا والوں کے دُکھ میں شامل ہونا ہماری تہذیب کا لازمی جزو تھا۔سوگ کی اس تہذیب کے اپنے تقاضے تھے۔ میں نے تو اپنے شہر کے غیر مسلموں کو بھی اس سوگ کا حصہ بنتے دیکھا تھا۔تب ہمارے دِل نرم تھے۔عزادار جہاں سے گزرتے انہیں احترام دِیا جاتا۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سے مقتبس؛ ملک یار محمد، نیزہ بازی اور گھڑ سواری سے شہرت پانے والے کوٹ فتح خان والے ملک عطا محمد خان کے والد تھے؛ تاہم یہ بات مجھے بہت بعد میں پتہ چلی تھی۔ ملک عطا محمد خان کی شہرت ہندوستان میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں پاکستان کو چاندی کا تمغہ دلانے کی وجہ سے ہوئی اور پھر اس میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ جنہیں نیزہ بازی یا گھڑ سواری میں دلچسپی نہ تھی وہ پی ٹی وی کے مشہور ڈرامے ‘الفا، براوو ،چارلی’ کی وجہ سے انہیں پہچاننے لگے تھے۔ اس ڈرامے میں انہوں نے کیپٹن فراز کے جاگیردار والد کا کردار ادا کیا تھا۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سے مقتبس؛ کچھ روز پہلے میرے ہاتھ مسو لینی کی آپ بیتی لگی تو اسے پڑھنے بیٹھ گیا۔ اُس نے بالکل آغاز کے صفحات میں لکھا تھا کہ اُس کے حافظے میں بچپن کی کوئی ایسی یاد باقی نہ تھی جس سے اُس کی کوئی ایسی خصوصیت واضح ہوتی جو اُس کے والدین کے لیے خوشی اور آسودگی کا باعث ہوئی ہو۔ میں یہ پڑھ کر بہت دیر اپنے بچپن کی گلیوں میں بھٹکتا رہا تھا۔ میرے پاس بھی کوئی ایسی یاد نہیں تھی۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ تایا جی بہت دلچسپ شخصیت کے مالک تھے ہنستے مسکراتے بات کرتے اورباتوں میں ہنستے مسکراتے ہی گالیوں کے پیوند بھی لگاتے جاتے۔اپنازیادہ وقت شکارپور، خیرپور یا سکھر میں گزارتے تھے جہاں اُن کے ارادت مندوں کا حلقہ تھا۔ کئی سال بعد وہ مجھے اپنے مریدوں سے ملوانے وہاں لے گئے تھے ۔ مجھے تب یوں لگا تھا جیسے مردوں کے مقابلے میں عورتیں اُن کی زیادہ مرید تھیں۔ وہ اُن پر نذرانوں کی بارش کردیتیں اور اپنے لیے دم دُعا کرواتی تھیں۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ مجھے لگتاہے جیسا رشتہ ایک ماں اپنی بیٹی کے ساتھ یا ایک بیٹی اپنی ماں کے ساتھ قائم کرتی ہے؛ ہم گداختی کا رشتہ، کچھ نہ کہہ کر سب کچھ کہہ لینے والا رشتہ، ایسا کوئی بیٹا چاہے بھی تو اپنے ماں باپ سے قائم نہیں کر سکتا۔ ایسا اس کے بس میں ہے ہی نہیں۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ سلیٹ، قاعدہ، تختی، سکول کی پیتل کی گھنٹی، چھٹی کے وقت زور دے دے کر پہاڑے یاد کرنا، اونچے شملے والے ہیڈ ماسٹر صاحب اور بہت کچھ ایسا ہے جسے عمر بھر یاد رکھا جا سکتا ہے۔ میں ان یادوں سے ہمیشہ توانائی کشید کرتا رہا ہوں۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ اباجان کتاب پر نظریں جما کر پڑھتے ہوئے بیچ بیچ میں ہمیں دیکھے جاتے ۔ اُن کا کبھی کتاب کو اور کبھی ہمیں دیکھنا اگرچہ اچھا لگتا تھا مگر میں ہمیشہ اُن کی نفاست سے تراشیدہ مونچھوں اور داڑھی کے بیچ جنبش کرتے ہونٹوں کو دِیکھا کرتا تھا۔ مجھے اس میں لطف آتا کہ وہ کبھی پھیلتے کبھی سکڑتے ، کبھی کھلتے اور کبھی بند ہوتے تھے ۔ایک بچے کے لیے یہ کتنی عجیب بات تھی کہ اس کے باپ کے جنبش کرتے ہونٹ کتاب میں لکھے ہوئے کو آواز میں تبدیل کر رہے تھے۔ یہ آواز اس بچے کےتصور کے پردے پر تصویریں بناتی تھی ۔ بچہ جب تجسس میں کتاب کو جھانک کر دیکھتا تو وہاں محض لفظ ہوتے تھے ۔ کتاب کے صفحے پر تیرتے ہوئے لفظ
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ اباجان کے زمانے میں استاد اور شاگرد کا رشتہ کچھ ایسا تھا جیسے دونوں ایک گھر کے افراد تھے۔ استاد کی قدرو منزلت کبھی کبھی توماں باپ سے بھی بلند لگا کرتی تھی۔ اساتذہ کی خدمت کے حوالے سے بعد ازاں اگرچہ کئی ناگفتہ باتیں بھی مشہور ہو گئیں مگر بالعموم اس رشتے میں اخلاص تھا۔ ہماری نسل تک آتے آتے یہ رشتہ قدرے کمزور پڑا مگرمجھے یاد ہے یہ پوری طرح تلف نہیں ہوا تھا جیسا کہ آج کل ہو چکا ہے۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ سائنسدانوں نے ہمیں محبت کے ہارمون کی خبر دی ہے۔ اس ہارمون کا نام ‘آکسی ٹوسین’ہے۔ جسے ہم ماں کی ممتا سمجھتے رہے اب پتہ چلا کہ یہ تو وہ ہارمون ہے جو ماؤں کے اندر زچگی اور بچوں کو دودھ پلانے کےعمل کے دوران خارج ہوتا ہے۔ ایک اور تحقیق بھی سامنے آئی ہے جس کے مطابق محبت کا یہ ہارمون اگر کسی کو سونگھایا جائے تو اس کے اندر جھوٹ بولنے کا رجحان بڑھ جاتا ہے؛ ہت تیرے کی۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ رشتے اور تعلقات دوپیڑھیوں تک تو کسی حد تک نبھ جاتے ہیں، اس سے اگلی پیڑھی کو عادتاً یا مجبوری میں رسم نبھانا ہوتی ہے اور بس۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ ایک بات سمجھنے کی ہے کہ معاشرے میں مسائل کی اصل جڑ ثقافتی رنگارنگی کو تسلیم نہ کرنا ہے ۔ دنیا کے یک رنگ ہونے سے یہ رہنے کے قابل کہاں رہے گی، اس کا حسن ہی اس تنوع میں ہے ۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ جن چیزوں سے منع کیا جاتا ہے وہی کرنے کو جی کیوں چاہتا ہے ؟ شایداس لیے کہ یہی اِنسانی فطرت ہے ۔ یہ مناعی اور روک ٹوک ہی انسانی تجسس اور ترغیب کی بنیاد ہے۔ یہی سبب رہا ہو گا کہ ہمارے ایمان کی بنیاد ی اینٹ’لا’ ہے۔ اقرار اور تصدیق کی منزل بعد میں کہیں آتی ہے؛نفی پہلے اثبات بعد میں۔ یہیں سے تجسس اور تشویق کو تحریک ملتی ہے۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سےمقتبس؛ میں نہیں جانتا تھا کہ جس چھوٹے بھائی کا نام میں نے اپنے نام کا حصہ بنایا تھا ، ایسے وقت نے آنا تھا کہ وہ نہیں رہے گا۔مجھے اس کے بدن کے لوتھڑے اپنی آنکھوں سے دیکھنے تھے ۔ اس کا جنازہ پڑھنا تھا مگر اس کی تدفین میں شرکت سے معذور رہنا تھا ۔مجھے نہیں معلوم اس کی قبر کہاں ہے مگر یوں لگتا ہے وہ میرے وجود کے اندر ہی کہیں ہے۔ میں جب جب اسے یاد کرتا ہوں بے اختیار میرے آنسو بہہ نکلتے ہیں ۔ یہی سبب ہے کہ مجھے اپنے نام کے اس حصے سے بھی محبت ہو گئی ہے۔
حمید شاہد کی خود نوشت ’خوشبو کی دیوار کے پیچھے‘سے ایک باب؛ تویوں ہے کہ میں صاحبِ سبت ہوں مگر ایک آزمائش میں ہوں اور آزمائش یہ ہے کہ یوم سبت کو رنگ رنگ کی فربہ مچھلیاں اُچھلتے سامنے دیکھوں مگراُن کو کسی اور روز پکڑنے کے لیے نالیوں کے پھندے نہ لگاؤں۔
خود نوشت: میں شاید ژاں پال سارتر کی طرح موت کو عظمت کا کفن نہ دے سکوں مگر میں اُس کی طرح یہ جان گیا ہوں کہ میرے پاس کچھ زیادہ برس باقی نہیں ہیں۔ بڑھاپا میرے وجود کے اندر نقب لگا کر داخل ہو چکا اور الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ اس کے باوجود میں موت سے خوف زدہ نہیں ہوں۔ جب وہ مجھے لینے آئے گی تو یہ ایک فطری عمل ہو گا جس کے سامنے مجھے سرِتسلیم خم کرنا ہو گا۔