کچھ عرصہ سے ہندو انتہاپسندوں کی مربی تنظیم آر ایس ایس کو یہ خیال ستا رہا ہے دلیپ کمار عرف یوسف خان سے شروع ہو کر شاہ رخ خان تک اداکاروں کی ایک بڑی کھیپ، سوسائٹی کے لیے رول ماڈل کا کام کرتے ہیں۔ اسی لیے پچھلے کئی برسوں سے بالی ووڈ ان کے نشانے پر ہے۔
اب فلموں میں ایک نئی چیز نظر آ رہی ہے۔ یہ ہے مشتعل وطن پرستی کا تیور ، جو نہ صرف سوشل میڈیا اور سماج کے ایک خاص طبقے میں دکھائی دینے والے نیشنلزم سے میل کھاتا ہے، بلکہ موجودہ حکومت کے ایجنڈے کے ساتھ بھی اچھے سے قدم ملاکر چلتا ہے۔
راجاؤں کی تاریخ میں یقین کرنے والے لوگ رعایا کی تاریخ سے کتراتے ہیں۔ آپ نے بھی غور کیا ہوگا کہ خلجی، رتن سنگھ اور پدماوتی کی تثلیث میں الجھی ہوئی فلم رعایا کے رہن سہن، ان کی سوچ سے پوری طرح کنارہ کئے ہوئی ہے۔
سنجے لیلا بھنسالی کو لکھے ایک خط میں فلم ایکٹر سورا بھاسکر نے پدماوت فلم کو ستی اور جوہر کی روایتوں کی شان و شوکت بتاتے ہوئے سوال اٹھائے ہیں۔