خبریں

مہاراشٹر: بی جے پی ایم پی پریتم منڈے نے پہلوانوں کی حمایت کی، کہا – پہلوانوں کے احتجاج کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے

مہاراشٹر سے بی جے پی ایم پی  پریتم منڈے نے کہا کہ جب کوئی خاتون اتنی سنگین شکایت کرتی ہے تو اسے بغیر کسی شک و شبہ کے سچ مان لینا چاہیے۔ اگرچہ میں اس حکومت کا حصہ ہوں، لیکن ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ جس طرح ہمیں پہلوانوں سے بات چیت کرنی چاہیے تھی،نہیں کی گئی۔

بی جے پی ایم پی پریتم منڈے۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@DrPritamMunde)

بی جے پی ایم پی پریتم منڈے۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@DrPritamMunde)

نئی دہلی: ہریانہ کے بی جے پی ایم پی برجیندر سنگھ کے بعد اب مہاراشٹر کی بی جے پی ایم پی پریتم منڈے نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے احتجاج کرنے والے پہلوانوں کی حمایت کی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، پریتم منڈے نے کہا کہ جب کوئی خاتون ایسی سنگین شکایت کرتی ہے تو اسے بغیر کسی شک و شبہ کے سچ مان لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا، ‘یہ کوئی بھی حکومت یا کوئی بھی پارٹی ہو سکتی ہے۔ میرا ماننا ہے کہ اگر اس سطح کی تحریک پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے، تو یہ ٹھیک نہیں ہے۔ اسے نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے، اس پر ضروری توجہ دی جانی چاہیے۔

پریتم منڈے نے کہا، ‘اگرچہ میں اس حکومت کا حصہ ہوں، لیکن ہمیں یہ ماننا پڑے گا کہ جس طرح ہمیں پہلوانوں سے بات چیت کرنی چاہیے تھی،نہیں کی گئی۔’

رپورٹ کے مطابق،پریتم منڈے سے پہلے ہریانہ سے بی جے پی کے رکن پارلیامنٹ برجیندر سنگھ نے احتجاجی مظاہرہ کو ‘دل دہلا دینے والا’ کہا تھا، کیونکہ گزشتہ 30 مئی کو اولمپک میڈلسٹ ساکشی ملک، بجرنگ پونیا اور ایشین گیمز میں گولڈ میڈلسٹ وینیش پھوگاٹ نے اپنے میڈل گنگا میں پھینکےکے لیے اپنے حامیوں کے ساتھ ہری دوار میں ہر کی پوڑی پہنچے تھے۔ لیکن کسان  لیڈر نریش ٹکیت نے انہیں روک دیا تھا۔

برجیندر سنگھ نے ٹوئٹ کیا تھا،میں اپنے پہلوانوں کے درد اور بے بسی کو محسوس کرتا ہوں، جو انہیں اپنی زندگی بھر کی محنت – اولمپک، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز کے میڈل –  کومقدس گنگا میں پھینکنے کے دہانے پر لے جانے کے لیےمجبور کر رہے ہیں۔یہ پوری طرح سے دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔

جہاں پریتم منڈے پہلوانوں کے احتجاج پر پارٹی کے موقف سے الگ رائے رکھتی ہیں، وہیں ان کی بہن پنکجا منڈے نے کہا کہ وہ بی جے پی کی  ہیں، لیکن بی جے پی ان کی نہیں ہے۔

پنکجا اور پریتم سابق مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کی بیٹیاں ہیں، جن کی 2014 میں ایک کار حادثے میں موت ہو گئی تھی۔ جہاں پریتم منڈے کو مرکز میں وزارت نہیں ملی،وہیں  پنکجا کو ایکناتھ شندے- دیویندر فڈنویس کابینہ میں نظر انداز کیا گیا، جس سے منڈے خاندان اور بی جے پی کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ ساکشی ملک، وینیش پھوگاٹ، بجرنگ پونیا اور سنگیتا پھوگاٹ سمیت اولمپک اور ورلڈ چیمپیئن شپ میڈلسٹ پہلوان ایک نابالغ سمیت کئی خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کے الزام میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ اور بی جے پی کے رکن پارلیامنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کی  مانگ کو لے کر دہلی کے جنتر منتر پر ایک ماہ سے زیادہ سے احتجاج کر رہے ہیں۔