خبریں

آندھرا پردیش : قبر نہ کھودنے پر ایک گاؤں میں دلتوں کا سماجی بائیکاٹ

دلت بستی میں پانی کی پائپلائن کاٹ دی گئی اور گاوں کے دکانداروں سے کہا گیا ہے کہ دلتوں کو سامان فروخت کرنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

DalitProtest_TheWire

علامتی تصویر

حیدرآباد: قبر نہ کھودنے پر آندھراپردیش کے ایک گاوں میں دلتوں کا سماجی بائیکاٹ کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ کرنول ضلع کے رودرارم منڈل میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔گاؤں میں مقیم دلتوں کو قبر کھودنے کے لئے کہا گیا۔لیکن ایلیشا اور پولنا نامی دو دلتوں نے یہ کہتے ہوئے قبر کھودنے سے انکار کردیا کہ اس کے لئے مزید دو افراد کی ضرورت پڑے گی۔

گاؤں میں چار دلت قبر کھودنے کا کام کیا کرتے تھے لیکن ان میں دو افراد دوسرے مقام کو منتقل ہوگئے جس کے سبب گاؤں میں مقیم دو دلتوں نے قبر کھودنے کے کام کو ترک کردیا۔اس کے باوجود ان پر دباؤ ڈالا گیا۔قبر کھودنے کے لئے گاوں والوں نے ان کے ساتھ کافی منت سماجت کی لیکن انھوں نے قبر نہیں کھودا۔جے سی بی کے ذریعہ قبر کھودنے کا انتظام کیا گیا اور آخری رسومات انجام دی گئی۔بعد ازاں گاؤں والوں نے دلتوں کا سماجی بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔

دلت بستی میں پانی کی پائپلائن کاٹ دی گئی اور گاوں کے دکانداروں سے کہا گیا ہے کہ دلتوں کو سامان فروخت کرنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔دلتوں سے بات کرنے پر بھی 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔