خبریں

لڑکیاں بوائےفرینڈ بنانا بند کر دیں تو ان پر ظلم نہیں ہوں‌گے :بی جے پی ایم ایل اے

گنا سےبی جے پی کے ایم ایل اےپنالال شاکیہ نےعالمی یوم خواتین پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر ملکی روایت ہے۔

پنا لال شاکیہ/فوٹو:فیس بک

پنا لال شاکیہ/فوٹو:فیس بک

نئی دہلی: لاڈلی لکشمی اور بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دےکر ہر لڑکی کو اپنی بھانجی بتانے والے مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے ایک ایم ایل اے نے لڑکیوں کو لےکر قابل اعتراض  تبصرہ کیا ہے۔مدھیہ پردیش کی گنا اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے ایم ایل اے  پنّالال شاکیہ نے یہ کہہ کر تنازعہ پیدا کر دیا ہے کہ اگر لڑکیاں بوائےفرینڈ بنانا بند کر دیں تو ان پر ظلم نہیں ہوں‌گے۔ گناگورمنٹ  کالج میں ریاستی حکومت کے ذریعے طالب علموں کو اسمارٹ فون تقسیم کرنےکے لئے سنیچر کو منعقد پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے شاکیہ نے کہا، ‘ لڑکیاں بوائےفرینڈ کیوں بناتی ہیں؟ ان کو بوائےفرینڈ نہیں بنانا چاہئے۔ اگر وہ یہ کرنا بند کر دیں تو ان پر ظلم نہیں ہوں‌گے۔  ‘

مغربی تہذیب سے دور رہنے کی نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لڑکوں کو بھی گرل فرینڈ نہیں بنانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ایک ٹی وی چینل نے مجھ سے حال ہی میں سوال کیا تھا کہ فی الحال مدھیہ پردیش میں خواتین پر ظلم ہو رہے ہیں، اس موضوع پر آپ کیا کہنا چاہیں گے؟اس پر میں نے ان کو جو جواب دیا تھا وہی آپ کو بتایا ہے۔اس کے علاوہ شاکیہ نے عالمی یوم خواتین پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر ملکی روایت ہے۔انہوں نے کہا، ‘ ہماری  ہندوستانی ثقافت میں خواتین کی بہت عزت ہوتی ہے اوریوم خواتین ہم ایک سال میں چار مرتبہ مناتے ہیں۔  چارمرتبہ ان کی پوجا کرتے ہیں۔

غور طلب ہے کہ اس سے پہلے گزشتہ سال دسمبر میں وہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی انوشکا شرما کے ساتھ اٹلی میں شادی کرنے کو لےکر متنازع بیان دے چکے ہیں۔شاکیہ نے کہا تھا کہ وراٹ نے پیسہ ہندوستان میں کمایا لیکن شادی کی رسم اداکرنے کے لئے ان کو ہندوستان میں کہیں جگہ نہیں ملی۔کیا ہندوستان اتنا اچھوت ہے؟ ہندوستانی زمین کی وراٹ کے لئے کوئی قدر نہیں ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ محب وطن نہیں ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے  ان پٹ کے ساتھ)