خبریں

گوری لنکیش قتل معاملہ : 8 مہینے بعد 650 صفحوں کا چارج شیٹ داخل

سینئر صحافی گوری لنکیش قتل معاملے میں 8 مہینے بعد ایس آئی ٹی نے چارج شیٹ داخل کیا ہے۔5ستمبر 2017کو بنگلور میں گوری  کو ان کے گھر کے باہر گولی مار دی گئی تھی۔

فوٹو: فیس بک

فوٹو: فیس بک

نئی دہلی : سینئر صحافی گوری لنکیش قتل معاملے کی جانچ کر رہی ایس آئی ٹی نے 600 سے زائد صفحات کی چارج شیٹ بنگلور کی عدالت میں داخل کی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی  کے مطابق اس میں 131 لوگوں کے بیان شامل ہیں ۔ جن میں ایف ایس ایل افسران کے ساتھ ملزم کے ٹی نوین اور پروین کے بیان بھی شامل ہیں۔واضح ہو کہ 5 ستمبر 2017کو بنگلور میں گوری لنکیش کو گولی مار دی گئی تھی۔

اس وقت میڈیا رپورٹ میں آئی خبروں میں کہا گیا تھا کہ حملہ آور گوری کا انتظار کررہے تھے۔ جیسے ہی وہ  اپنے دفتر سے واپس آنے کے بعد راج راجیشوری نگر میں واقع اپنے گھر پہنچیں اور دروازہ کھول رہی تھیں اسی وقت حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند گولیاں چلادی تھیں۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ  گوری کو تین گولیاں لگیں جبکہ چار گولیوں کے نشان دیوار پر تھے۔

غور طلب ہے کہ گوری لنکیش سنگھ پریوار اور بی جے پی کے خلاف بہادری  کے ساتھ لکھ رہی تھیں۔آج تک کی خبر کے مطابق کرناٹک پولیس نے چارج شیٹ میں کے ٹی نوین کمار کو ملزم بنایا ہے۔ اس کے ساتھ پروین کمار کو بھی ملزم بنایا گیا ہے جو ابھی فرار ہے۔ جانکاری کے مطابق کرناٹک پولیس نے نوین کمار کو کرناٹک سے گرفتار کیا تھا۔ میسور کے پاس منڈیا کا باشندہ یہ شوٹر بنگلور میں غیرقانونی طریقے سے اسلحہ فروخت کرتا تھا، گرفتاری کے دن بھی وہ اسلحہ بیچنے کے لیے وہاں آیا تھا۔

اس نے پولیس کی پوچھ تاچھ میں انکشاف کیا کہ قتل میں استعمال کیے گئے کارتوس یوپی سے منگائے گئے تھے اور ہر کارتوس کے لیے ایک ہزار روپے ادا کیے گئے تھے۔ نوین نے ہی قتل کی سازش کا انکشاف کیا تھا ۔اس کے ذریعے ہی اس واردات میں شامل ملزموں کی پہچان اور ان کی تلاش کی گئی تھی۔ اس معاملے کی جانچ کررہی ایس آئی ٹی کو سب سے بڑی کامیابی اس وقت ملی جب سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم شوٹر دکھائی دیا ۔ اس کے ذریعے ہی پولیس کو پتا چلا کہ واردات کو انجام دینے  سے پہلے مشتبہ لوگوں نے گوری کے گھر کی ریکی کی تھی۔

بائیک پر آئے ملزموں نے گوری کے گھر کے تین چکر لگائے تھے ۔پولیس جانچ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ پچھلے 5 ستمبر کو جس دن گوری کو گولی ماری گئی تھی اسی دن بائیک سوار مشتبہ لوگوں نے ان کے گھر کے چکر لگائے تھے۔واضح ہو کہ گوری لنکیش کی موت کے 8 مہینے بعد ایس آئی ٹی نے چارج شیٹ داخل کی ہے۔