خبریں

کھیل کی دنیا : فرنچ اوپن میں نڈال کو خطاب، انٹر کانٹی نینٹل فٹبال ٹورنامنٹ پر ہندوستان کا قبضہ

نڈال نے اب فرنچ اوپن میں گیارہ خطاب اپنے نام کر لئے ہیں،وہیں انٹر کانٹی نینٹل فٹبال ٹورنامنٹ میں چھتری نے ہندوستان کو خطاب دلا نے میں کامیابی حاصل کی۔

فوٹو : رائٹرز

فوٹو : رائٹرز

فرنچ اوپن میں رافل نڈال کے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رہا اور انہیں گیارہوارں فرنچ اوپن خطاب جیتنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ٹینس کے ماہرین اس بات کی پیشین گوئی پہلے ہی کر چکے تھے کہ فرنچ اوپن میں اگر نڈال کو ہرانا ہے تو کسی کھلاڑی کو اس کے لئے کچھ الگ طرح کی محنت کرنی ہوگی جو ہر کھلاڑی کے لئے آسان نہیں ہے۔رولاں گیراں پر نڈال کو ہرانا کبھی کسی کے لئے آسان نہیں رہا ہے اور یہ بات اس بار بھی ثابت ہو گئی۔

نڈال نے اب فرنچ اوپن میں گیارہ خطاب اپنے نام کر لئے ہیں۔اس طرح انہوں نے مارگریٹ کورٹ کی برابری کر لی ہے۔کورٹ نے 1960سے 1973کے دوران گیارہ بار آسٹریلین اوپن خطاب جیتے۔اس جیت کے ساتھ ہی نڈال کے گرینڈ سلیم خطاب کی تعداد 17ہو گئی ہے۔اس معاملہ میں اب روجر فیڈرر ہی ان سے آگے ہیں۔فیڈرر نے ابھی تک20گرینڈ سلیم خطاب اپنے نام کئے ہیں۔نڈال نے ٹورنامنٹ کے دوران18گھنٹے اور6منٹ کورٹ پر موجود رہے۔انہیں خطابی رقم کے طور پر ہر گھنٹے کے لئے96.78لاکھ جبکہ ہر منٹ کے لئے 1.61لاکھ روپے ملے۔فی الحال درجہ بندی میں نڈال کی پہلی پوزیشن برقرارہے۔

بھلے ہی ہندوستانی فٹبال شا ئقین کو اس بات کا یقین نہیں ہو مگر یہ سچ ہے کہ ہندوستانی فٹبال کھلاڑی سنیل چھتری نے ایک معاملہ میں دنیا کے مشہور ترین فٹبال کھلاڑی لیونل میسی کی برابری کر لی ہے۔انٹر کانٹی نینٹل فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران فائنل میں جہاں شاندار دو گول کر کے چھتری نے ہندوستان کو خطاب دلا دیا وہیں وہ ان دو گولوں کے ساتھ انہوں نے اپنے گول کی تعداد64تک پہنچا دی اور اب وہ دنیا میں انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ گول کے معاملے میں لیونل میسی کی برابری پر آ گئے ہیں۔اس معاملہ میں پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو پہلے نمبر پر ہیں جن کے گول کی تعداد انٹرنیشنل میچوں میں81ہے۔

HeroIntercontonental_Football

جہاں تک انٹر کانٹی نینٹل فٹبال ٹورنامنٹ کا سوال ہے اس میں سنیل چھتری نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل پیش کیا اور کل ملاکرآٹھ گول کئے۔فائنل میں جو دو گول ہندوستان کی جانب سے ہوئے وہ دونوں گول بھی چھتری نے ہی کئے۔فائنل جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کو 34لاکھ روپے ملے جبکہ رنر اپ کینیا کو17لاکھ روپے ملے۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی منتخب ہوئے چھتری کو 5.6لاکھ روپے ملے۔

ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کی لڑکیاں ہندوستانی لڑکیوں پر بھاری پڑیں۔کوالالمپور میں ایشیا کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کی خاتون کرکٹ ٹیم نے ہندوستان کو ہراکر پہلی بار خطاب جیت لیا۔فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے صرف112ن بنائے۔یہ ہدف بنگلہ دیش کی لڑکیوں کے لئے مشکل ثابت نہیں ہوا اور اس نے بڑی آسانی سے جیت حاصل کر لی۔ہندوستانی لڑکیوں کے لئے بری خبر یہ رہی کہ اس نے اب تک چھ بار یہ خطاب جیتا تھا۔فائنل میں اس کا مقابلہ کبھی بنگلہ دیش سے نہیں ہوا تھا۔ ایک بار ہوا بھی تو اس میں ہار ہی ملی۔لیگ میچوں کے دوران بھی بنگلہ دیش نے ہندوستان کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

رنگارنگ تقریب کے دوران روس میں عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز ہو چکا ہے۔فائنل کون سی ٹیم جیتے گی یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا البتہ اس دوران ساری دنیا کی نظریں فٹبال کے اس شاندار مقابلوں پر لگی رہیں گی۔ایک طرف جہاں دنیا بڑے بڑے اسٹار کھلاڑیوں سے امیدیں لگائے ہوگی وہیں کچھ نئے کھلاڑی دنیا کے سامنے آئیں گے اور اپنی کا رکردگی سے سب کو حیران کریں گے۔

ماسکو میں ٹورنامنٹ کے آغاز پر اپنے خطاب کے دوران روسی صدر ولادمیر پتن نے اپنے پیغام میں کہا ’میں آپ سبھی کو دنیا کی اس سب سے اہم چمپئن شپ کے آغاز پر مبارکباد دیاتا ہوں‘۔روس اس ٹورنامنٹ کو کتنے شاندار طریقے سے منعقد کرتا ہے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا البتہ اس بات کا اندازہ روس کو بھی ہے کہ 1980میں اولمپک کی میزبانی کے بعد اسے ایک بڑے کھیل انعقاد کی ذمہ داری ملی ہے ایسے میں روس کی یہ ہر ممکن کوشش ہوگی اسے کامیابی کے ساتھ اختتام تک لے جایا جائے۔

فوٹو : رائٹرز

فوٹو : رائٹرز

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا گیا۔حالانکہ سعودی عرب درجہ بندی میں روس سے کچھ بہتر ٹیم ہے مگر اسے مہمان ہونے کا نقصان ہوا اور میزبان روس نے اسے بڑی آسانی سے پہلے میچ میں5-0سے ہرا دیا۔روس کی ٹیم نے عالمی کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کیا ہے۔اسے میزبان ہونے کے ناطے ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔عرب کی ٹیم کو تو اس نے بڑی آسانی سے ہرا دیا ہے مگر اس کیلئے آگے کی راہ کوئی بڑی آسان نہیں ہوگی۔

روس کے یوری گاجنسکی نے2018کے ٹورنامنٹ کا پہلا گول کیا۔ہندوستان کے خلاف بنگلور میں واحد ٹسٹ میچ کے ساتھ ہی افغانستان کی ٹیم اب دنیا کی12ویں ایسی ٹیم ہو گئی ہے جسے ٹسٹ کھیلنے کا درجہ ملا ہے۔کچھ دن پہلے پاکستان کے خلاف ٹسٹ کھیل کر آئرلینڈ ایسی گیارہویں ٹیم بنی تھی۔میچ کے پہلے ہی دن شیکھر دھون نے شاندار بلے بازی کی اور دنیا کے ان گنے چنے بلے بازوں میں شامل ہو گئے جنہیں لنچ سے پہلے ہی سنچری بنانے کا شرف حاصل ہے۔

ٹسٹ میچوں کی شروعات1876میں ہوئی تھی۔اتنے سالوں میں ابھی تک صرف چھ ایسے بلے باز ہوئے ہیں جنہوں نے لنچ سے پہلے ہی سنچری بنا دی۔ان کھلاڑیو ں میں شیکھر دھون کے علاوہ آسٹریلیا کے وکٹر ٹرمپر، چارلس میکارٹی ، ڈان بریڈ مین اور ڈیوڈ وارنر جبکہ پاکستان کے ماجد خان شامل ہیں۔