خبریں

دہلی: سابق بی ایس پی لیڈر  کے بیٹے نے ہوٹل کے باہر لہرائی بندوق، معاملہ درج

اتر پردیش میں امبیڈکر نگر کے سابق بی ایس پی رکن پارلیامان راکیش پانڈے کے بیٹے آشیش پانڈے نے ساؤتھ دہلی واقع حیات ہوٹل کی لابی میں بندوق نکال کر ایک عورت اور اس کے مرد ساتھی کو دھمکایا تھا۔

واقعہ کا ویڈیو گریب

واقعہ کا ویڈیو گریب

نئی دہلی: دہلی کے پانچ ستارہ حیات  ہوٹل کی لابی میں ایک آدمی کے ذریعے ہتھیار لہراتے ہوئے ایک عورت اور اس کے مرد ساتھی کو دھمکانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہتھیار لہرانے کاایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے معاملے کا  نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کر لیا ہے۔ ہتھیار لہرانے والے آدمی کی پہچان اتر پردیش میں امبیڈکر نگر کے سابق رکن پارلیامان راکیش پانڈے کے بیٹے آشیش پانڈے کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس نے منگل کو بتایا کہ نئی دہلی کے آر کے پورم واقع حیات ریجنسی ہوٹل کے اسسٹنٹ سکیورٹی مینجر نے سوموار کو پولیس کے سامنے واقعہ کو لے کر ایک شکایت درج کرائی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ واردات 13 اور 14 اکتوبر کے درمیان رات کو ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ آرمس ایکٹ کے تحت آشیش پانڈے کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق؛ آشیش نشے کی حالت میں خواتین کے واش رو م میں گھس گیا تھا،جس پر عورت نے اس کا احتجاج کیا اور ڈانٹ لگائی۔ اس پر آشیش غصے میں بندوق نکال کر سرے عام لڑکی اور اس کے مرد ساتھی کو دھمکانے لگا اور گندی زبان کا استعمال بھی کیا۔ ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ لوگوں نے آشیش کو روکا اور کار میں بٹھایا،لیکن اس کے باوجود اس نے لڑکی اور لڑکے کو دیکھ لینے کی دھمکی بھی دی ہے۔

آشیش پانڈے اپنی فیملی کے ساتھ لکھنؤ میں رہتا ہے،جہاں اس کا شراب اور ریئل اسٹیٹ کا کاروبار ہے۔واضح ہو کہ آشیش کے والد راکیش پانڈے 2009 سے 2014 کے بیچ امبیڈکر نگر لوک سبھا سیٹ سے بی ایس پی کے رکم پارلیامان رہے ہیں ۔ آشیش کے بڑے بھائی فی الحال بی ایس پی سے ایم ایل اےہیں۔ آشیش بھی بی ایس پی کے ٹکٹ پر اسمبلی الیکشن لڑ چکا ہے۔

دہلی پولیس کے مطابق ، ابھی تک کسی ہوٹل اسٹاف یا پھر پستول والے اس شخص کے غصے کا شکار بنے جوڑے نے پولیس کو کوئی شکایت نہیں دی ہے۔ پولیس نے کہا کہ ملزم کی جلد گرفتاری ہوگی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)