خبریں

اتر پردیش: بلند شہر میں تشدد، پولیس انسپکٹر سمیت 2 لوگوں کی موت

بلند شہر کے ڈی ایم انج جھا کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں اور پولیس کے بیچ جھڑپ کے دوران پولیس انسپکٹر سبودھ کی موت ہوگئی ۔

فوٹو : اے بی پی نیوز

فوٹو : اے بی پی نیوز

نئی دہلی : اترپردیش کے بلند شہر ضلع میں مبینہ طور پر گئو کشی کے شک میں تشدد کی خبریں آرہی ہیں ۔ انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق، اس تشدد میں پولیس انسپکٹر سمیت 2 لوگوں کی موت سےعلاقے میں کشیدگی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پرغیر قانونی سلاٹر ہاؤس کے خلاف مظاہرہ کررہے لوگوں نے پولیس تھانے پر حملہ کیا اور جم کر توڑ پھوڑ کی ۔ اس دوران شر پسند عناصروں نے پولیس کی ایک وین میں آگ لگادی ۔ تشدد کے دوران پولیس پر فائرنگ بھی کی گئی جس میں سیانہ کے پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی موت ہوگئی ۔ اس بیچ میرٹھ سے اے ڈی جی موقع پر نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔

این بی ٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق، سیانہ کے ایک گاؤں میں گائے کی ہڈیاں ملنے کی وجہ سے مخالفت میں لوگوں نے جام لگایا تھا ۔ اس کو لے کر پولیس اور بھیڑ میں تناؤ ہوگیا ۔پولیس نے اس دوران مظاہرہ کرنے والوں کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی ۔ اس کے بعد بے قابو بھیڑ نے پولیس تھانے پر حملہ کردیا ۔ پولیس کارروائی میں زخمی ایک نوجوان کی میرٹھ میں علاج کے دوران موت ہوگی ہے۔

بلند شہر کے ڈی ایم انج جھا کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں اور پولیس کے بیچ جھڑپ کے دوران پولیس انسپکٹر سبودھ کی موت ہوگئی ۔وہیں اے ڈی جی لاء اینڈ آرڈر کا کہنا ہے کہ علاقے میں حالات قابو میں ہیں ۔ جھڑپ کی شروعات اس وقت ہوئی جب لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا ۔ اس دوران گاؤں والوں سے جھڑپ میں انسپکٹر کی جان چلی گئی ۔ اے ڈی جی کے مطابق، گاؤں والوں نے پولیس پر کئی راؤنڈ فائرنگ کی ۔

دریں اثنا بلند شہر پولیس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے یہ بیان جاری کیا ہے؛

بتایا جارہا ہے کہ ، پولیس چوکی کے اندر توڑ پھور کے دوران بھیڑ میں سے کسی نے گولی چلائی جس سے انسپکٹرسبودھ زخمی ہوگئے اور بعد میں علاج کے دوران ان  کی موت ہوگئی ۔ قابل ذکر ہے کہ بھیڑ نے کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا ۔بھیڑ کی طرف سے ہونے والی فائرنگ میں انسپکٹر کے ساتھ ایک سپاہی کو بھی گولی لگی ۔ سپاہی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

دریں اثنا موقع پر بھاری تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔بلند شہر کے حالات کو دیکھتے ہوئے اے ڈی جی پرشانت کمار اور آئی جی رینج رام کمار جائے واردات پر پہنچ چکے ہیں ۔ جائے واردات پر حالات کشیدہ ہیں ۔ واضح ہوکہ بلند شہر میں ان دنوں اجتماع چل رہا ہےجہاں سے لوگ بڑی تعداد میں لوٹ رہے تھے ۔ ان کی گاڑیوں کا روٹ ڈائیورٹ کر دیا گیا ۔ حالات پر قابو پانے کے لیے ہاپوڑ روڈ پر بھی فورس تعینات کی گئی ہے ۔ایس پی (دیہی)راجیش کمار اس پولیس فورس کے ساتھ معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔