خبریں

دو سے زیادہ بچے پیدا کرنے والوں سے چھین لیا جائے ووٹنگ کا حق: رام دیو

رام دیو نے کہا کہ چاہے ہندو ہو یا مسلمان ،جو بھی دو سے زیادہ بچے پیدا کریں ان سے سرکاری نوکری اور علاج کی سہولت چھین لینی چاہیے۔ایسا کرنے سے ہی آبادی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

رام دیو ،فوٹو: پی ٹی آئی

رام دیو ،فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: ملک کی بڑھتی آبادی پر روک لگانے کے لیے رام دیو چاہتے ہیں کہ دو سے زیادہ بچے پیدا کرنے والے لوگوں سے ووٹ دینے کا حق چھین لیا جائے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی خبر کے مطابق، انہوں نے کہا کہ ایک ارب سے زیادہ آبادی والے ملک میں آبادی کو کم کرنا ہماری ترجیحات میں ہونی چاہیے۔بدھ کو اتر پردیش کے علی گڑھ میں رام دیو نے کہا کہ ، آباد ی کو کم کرنے کے لیے جو بھی دو سے زیادہ بچے پیدا کرے ،اس سے ووٹ دینے کا حق ، سرکاری نوکری اور علاج کی سہولت چھین لینی چاہیے ،چاہے وہ ہندو ہو یا مسلمان ۔ ایسا کرنے سے ہی آبادی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

علی گڑھ کے پتنجلی گارمنٹ کے افتتاح کے موقع پر رام دیو نے کہا کہ ایسے لوگوں کو الیکشن لڑنے کا بھی حق نہیں ملنا چاہیے۔آبادی کو کم کرنے کو لے کر رام دیو نے پہلی بار اس طرح کا تبصرہ نہیں کیا ہے۔ رام دیو نے گزشتہ سال نومبر میں کہا تھا کہ ان کے جیسے لوگ جنہوں نے شادی نہیں کی ان کو خاص عزت ملنی چاہیے ۔ وہیں جن لوگوں نے شادی کی ہے اور دو سے زیادہ بچے پیدا کیے ہیں ان سے ووٹ دینے کا حق چھین لینا چاہیے۔

فنانشیل ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، اس سے پہلے سال 2015 میں رام دیو کے بیان سے اس وقت تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا جب انہوں نے کہا تھا کہ ایک خاص کمیونٹی کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے قانون لانے کی ضرورت ہے۔