خبریں

لوک سبھا الیکشن: تر نمول کانگریس نے جاری کی امیدواروں کی فہرست،41 فیصدی خاتون کو بنایا امیدوار

ترنمول کانگریس نے اس بار لوک سبھا الیکشن میں 17 سیٹوں پر خواتین کو میدان میں اتارا ہے۔اس کے ساتھ ہی 10 موجودہ ایم پی کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔

ممتا بنرجی: فوٹو: پی ٹی آئی

ممتا بنرجی: فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور تر نمول کانگریس چیف ممتا بنرجی نے منگل کو ریاست میں لوک سبھا کی سبھی 42 سیٹوں کے لیے پارٹی کے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ اس فہرست سے 10 موجودہ ایم پی کے نام کاٹ دیے گئے ہیں۔ جبکہ اس بار پارٹی نے 41 فیصدی خواتین کو ٹکٹ دیا ہے۔ ریاست کی 42 میں سے 17 سیٹوں پر خواتین کو انتخابی میدا ن میں اتارا جائے گا۔

اڑیسہ میں بی جے ڈی کے ذریعے 33 فیصدی لوک سبھا سیٹیں خواتین کو مختص کرنے کے اعلان کے  2 دن بعد ترنمول کانگریس نے یہ اعلان کیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق؛ممتا نے کہا،’ہم وومین امپاورمنٹ میں یقین کرتے ہیں۔2014 میں پارٹی کی 35 فیصدی ایم پی خواتین تھیں۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اس بار ہماری 41 فیصدی لوک سبھا امیدوار خواتین ہیں۔ترنمول نے جن خواتین کو امیدوار بنایا ہے ،ان میں کاکولی گھوش دستیدار،مہوا موئیترااور فلم اسٹار میمی چکربرتی اور نصرت جہاں ہیں۔اس فہرست میں سابق ریلوے وزیر مرحوم اے بی اے غنی خان چودھری کی بھتیجی موسم نور بھی ہیں۔

نور حال ہی میں کانگریس سے ترنمول میں شامل ہوئی ہیں۔حالانکہ فہرست میں ٹی ایم سی کے کئی اہم چہروں مثلاً اکھل بھارت چیف سکریٹری سبرتا بخشی،ہارورڈ پروفیسر سگاتا بوس،اقلیتی چہروں میں چیف ادریس علی،اداکارہ سندھیا رائے اور اوما سورین کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ ان سبھی نے 2014 کے لوک سبھا الیکشن میں جیت درج کی تھی۔

پارٹی کے اہم رہنما اور ایم پی سدیپ بندوپادھیائے،کلیان بنرجی اور سوگات رائے اپنی اپنی روایتی سیٹوں کولکاتہ نارتھ،سرم پور اور دم دم سے الیکشن لڑے تھے۔وہیں ممتا بنرجی کے بھتیجے اور پارٹی کے نوجوان رہنما ابھیشیک بنرجی ڈائمنڈ ہاربر سے الیکشن لڑیں گے،وہ 2014 میں بھی اس سیٹ سے جیتے تھے۔ممتا نے بی جے پی اور مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ایسی اطلاعات ہیں کہ ‘وی وی آئی پی’ ووٹرس کو رشوت دینے کے لیے ہیلی کاپٹر اور چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے پیسہ پہنچا رہے ہیں۔

ممتا بنرجی نے فہرست جاری کرتے ہوئے رافیل سودے ،زراعتی بحران اور روزگار کے کم ہوتے مواقع سمیت مختلف مدعوں پر مرکز پر حملہ کیا۔ترنمول کانگریس کی سپریمو بنرجی کا کہنا ہے کہ اس فہرست میں پارٹی کے جن ایم پی کے نام نہیں ہیں،ان کو پارٹی کے کام میں لایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس اڑیسہ،آسام،جھارکھنڈ،بہار اور انڈمان میں کچھ سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)