خبریں

مینکا–ورون کی سیٹ آپس میں بدلی، جیا پردہ  لڑیں گی اعظم خان کے خلاف

بی جے پی نے کانپور سے سینئر رہنما مرلی منوہر جوشی کو ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ان کی جگہ ستیہ دیو پچوری کو میدان میں اتارا گیا ہے۔جیا پردا کے پارٹی میں شامل ہونے کے 5 گھنٹے کے اندر ان کو رام پور سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔اب وہ اعظم خان کے خلاف رام پور سے الیکشن لڑیں گی ۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: بی جے پی نے منگل کو لوک سبھا انتخاب کے لیے 39 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے ۔ ان  میں اتر پردیش  کے 29 اور مغربی بنگال کے 10 امیدواروں کے نام ہیں ۔ پارٹی نے کانپور سے سینئر رہنما مرلی منوہر جوشی کو ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ ان کی جگہ ستیہ دیو پچوری کو میدان میں اتارا گیا ہے۔اس سے پہلے یہ خبر آئی تھی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے بانی ممبر اور کانپور سےایم پی ، مرلی منوہر جوشی کو کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ نہیں چاہتے ہیں کہ وہ پھر سے انتخاب میں کھڑے ہوں۔

وہیں جیا پردا کے پارٹی میں شامل ہونے کے 5 گھنٹے کے اندر ان کو رام پور سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ وہ منگل کو دوپہر 2 بجے پارٹی میں شامل ہوئی تھیں ۔اب وہ اعظم خان کے خلاف رام پور سے الیکشن لڑیں گی ۔

این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق، مینکا گاندھی اور ورون گاندھی کی سیٹوں کو آپس میں بدل دیا گیا ہے ۔ بی جے پی نے اپنی اس نئی فہرست میں 22 موجودہ ایم پی کو ٹکٹ دیا ہے ۔ پارٹی نے بنگال میں جن 10 سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا ہے ، ان میں سے 9 نئے چہرے ہیں اور ایک سیٹ پر پچھلی بار کے امیدوار کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ بی جے پی نے 5 موجودہ ایم پی کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے ۔ ان میں کانپور سے مرلی منوہر جوشی ، رام پور سے ڈاکٹر نیپال سنگھ ، بارہ بنکی سے پرینکا سنگھ راوت ۔ اٹاوہ سے اشوک دوہرے اور بلیا سے بھارت سنگھ کے نام شامل ہیں ۔وہیں ورون گاندھی ،مینکا گاندھی اور رام شنکر کٹھریا کی سیٹ بدل دی گئی ہے۔ورون پچھلی بار سلطان پور سے جیتے تھے اس بار ان کو پیلی بھیت سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔مینکا گاندھی پچھلی بار پیلی بھیت سے جیتی تھیں ، ان کو اس بار سطان پور سے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ آگرہ سے ایم پی رام شنکر کو اٹاوہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ آگرہ سے ایس پی سنگھ بگھیل امیدوار ہیں۔