خبریں

ممتا بنرجی کی ڈاکٹروں کو یقین دہانی، تمام حفاظتی اقدام کیے جائیں گے

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی  نے کولکاتہ کے پولیس کمشنر انج شرما کو ہر ہاسپٹل میں ایک نوڈل پولیس افسر تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:مغربی بنگال میں تشدد کی مخالفت میں ہڑتال پر گئے ڈاکٹروں نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ میٹنگ کے بعد ایک ہفتے سے چلی آ رہی اپنی ہڑتال ختم کر دی ہے۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق؛ جونیئر ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کرنے کی بات کہی ہے۔ اس سے پہلے ریاست کے ڈاکٹروں سے بات چیت کے بعد وزیر اعلیٰ نے کولکاتہ کے پولیس کمشنر انج شرما کو ہر ہاسپٹل میں ایک نوڈل پولیس افسر تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹروں کی مانگ پر ہر سرکاری ہاسپٹل میں ایک Grievance redressalسیل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔سوموار کو وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں مغربی بنگال کے ہر میڈیکل کالج سے 2 نمائندے شامل ہوئے۔این بی ٹی کی ایک خبر کے مطابق؛وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست میں سبھی سرکاری ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

غور طلب ہے کہ مغربی بنگال کے ہیلتھ سکریٹری ایم او ایس چندرما بھٹاچاریہ اور ریاست کے دوسرے افسروں کے علاوہ 31 جونیئر ڈاکٹر بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں سے کہا کہ ریاستی حکومت نے کسی بھی ڈاکٹر کے خلاف معاملہ درج نہیں کیا ہے۔

جونیئر ڈاکٹروں کے نمائندوں نے 11 جون کو این آر ایس میڈیکل کالج اور ہاسپٹل میں ڈاکٹروں پر ہوئے حملے میں شامل لوگوں کو سزا دیے جانے کی مانگ کی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مناسب قدم اٹھائے ہیں اور این آر ایس معاملے میں شامل 5 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔اس سے پہلے اتوار کو مظاہرہ  کر رہے ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ وہ مظاہرہ ختم کرنے کے لیے ممتا بنرجی سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ملاقات کی جگہ وہ بعد میں طےکریں گے۔

غور طلب ہے کہ کولکاتہ واقع این آر ایس میڈیکل کالج میں علاج کے دوران ایک 75 سالہ بزرگ کی موت ہو گئی تھی۔ اس پر بزرگ کے رشتہ داروں نے ڈاکٹروں پر لاپروائی کا الزام لگاتے ہوئے دو ڈاکٹروں کی پٹائی کر دی تھی۔الزامات کے مطابق، تقریباً200 لوگ ٹرکوں میں بھر‌کر آئے تھے اور ہاسپٹل کے احاطے پر حملہ بول دیا تھا۔ اس حملے میں دو جونیئر ڈاکٹر بری طرح زخمی ہو گئے تھے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)