خبریں

بی جے پی ہیڈکوارٹر کو 2 ایکڑ زمین دینے کے لئے مرکزی حکومت نے دہلی ماسٹرپلان میں کی تبدیلی

بی جے پی کو دی جانے والی 2.189 ایکڑ کی اضافی زمین 3بی، ڈی ڈی یو مارگ پر ہے۔ پہلے یہ پلاٹ رہائشی استعمال کے زمرہ میں تھا۔ حالانکہ، اس میں ترمیم کرکے عوامی اور نصف عوامی  سہولیات کے زمرہ میں کر دیا گیا۔

نئی دہلی  میں واقع بی جے پی ہیڈ کوارٹر (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی  میں واقع بی جے پی ہیڈ کوارٹر (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کو نئی دہلی میں دین دیال اپادھیائے مارگ پر اپنے قومی دفتر کے لئے اضافی 2 ایکڑ زمین ملی ہے۔یونین ہاؤسنگ اینڈ اربن افیئرس منسٹرینے اس کے لئے اصولوں میں تبدیلی کی اور پلاٹ کے لئے زمین-استعمال (لینڈ-یوز) کی تبدیلی کو نوٹیفائڈ کیا۔دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، دہلی ماسٹرپلان، 2021 میں اس پلاٹ کو ‘ رہائشی استعمال ‘ کے زمرہ میں رکھا گیا تھا۔ حالانکہ اب اس میں تبدیلی کرتے ہوئے ‘ عوامی اور نصف-عوامی سہولیات ‘ کے زمرہ میں ڈال دیا گیا ہے۔

موجودہ بی جے پی دفتر 6-اے، ڈی ڈی یو مارگ پر  ہے۔ بدھ کو جاری لینڈ یوز چینج نوٹیفکیشن کے مطابق، بی جے پی کو دی جانے والی 8860 مربع میٹر یا 2.189 ایکڑ کی اضافی زمین، 3-بی، ڈی ڈی یو مارگ پر ہے۔مرکزی حکومت نے زون-ڈی کے زونل ڈیولپمنٹ پلان میں ترمیم کرنے کی تجویز دی تھی، جس کے ساتھ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے 9 مارچ کو ایک نوٹس شائع کر کےاعتراضات یا مشورے مانگے تھے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نوٹس جاری کرنے کے 30 دنوں کی مدت میں کوئی اعتراض / مشورہ حاصل نہیں ہوا ہے اور مرکزی حکومت نے معاملے کے تمام پہلوؤں پر توجہ سے غور کرنے کے بعد ‘ ماسٹرپلان اور زونل ڈیولپمنٹ پلان ‘ میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پڑوسیوں کے لئے، پلاٹ میں شمال میں پرائمری اسکول، جنوب میں ڈی ڈی یو مارگ، مشرق میں مجوزہ 20 میٹر سڑک اور ایک مجوزہ گروپ رہائش گاہ منصوبہ اور مغرب میں موجودہ 20 میٹر سڑک ہے۔ڈی ڈی یو مارگ پر بی جے پی کے نئے تین-منزلہ ہیڈ کوارٹر  کا افتتاح فروری 2018 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے کیا گیا تھا۔ پرانا ہیڈکوارٹر اشوک روڈ پر ایک بنگلے میں تھا۔