خبریں

مودی حکومت نے منموہن سنگھ کی ایس پی جی سکیورٹی  ہٹائی، ملتی رہے‌گی زیڈ پلس سکیورٹی

ایس پی جی سکیورٹی  ملک میں دی جانے والی اعلیٰ ترین سکیورٹی ہے۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی ایس پی جی سکیورٹی ہٹائے جانے کے بعد اب یہ سکیورٹی صرف وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو ہی حاصل ہے۔

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ(فوٹو : وکی میڈیا کامنس)

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ(فوٹو : وکی میڈیا کامنس)

نئی دہلی: حکومت نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو حاصل ایس پی جی سکیورٹی واپس لے لی ہے۔ افسروں نے سوموار کو یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 2004 سے 2014 تک ملک کے وزیر اعظم رہے سنگھ کو ‘زیڈ پلس ‘ سکیورٹی ملتی رہے‌گی۔ایس پی جی سکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے ذریعے تجزیہ کئے جانے کے بعد لیا گیا ہے۔ ‘زیڈ پلس ‘ سکیورٹی سی اے پی ایف کے ذریعے دی جانے والی اعلیٰ ترین سکیورٹی میں سے ایک ہے۔

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا، ‘ موجودہ سکیورٹی کا تجزیہ خطرہ کے خدشہ پر مبنی ایک مدتی اور پیشہ ورانہ مشق ہے جو صاف طور پر سکیورٹی ایجنسیوں کے ذریعے پیشہ ور تجزیےپر مبنی ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ‘زیڈ پلس ‘ سکیورٹی ملتی رہے‌گی۔ ‘اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی)کے ذریعے دی  گئی سکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ کابینہ  سکریٹریٹ اور وزارت داخلہ کی مختلف خفیہ ایجنسیوں سے ملی اطلاعات کی بنیاد سمیت تین مہینے تک تجزیہ کئے جانے کے بعد لیا گیا۔

اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) سکیورٹی ملک میں دی جانے والی اعلیٰ ترین سکیورٹی ہے۔ سنگھ کی ایس پی جی سکیورٹی ہٹائے جانے کے بعد اب یہ سکیورٹی صرف وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر سونیا گاندھی، ان کے بیٹے راہل گاندھی اور بیٹی پرینکا گاندھی کو ہی حاصل ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، ایس پی جی قانون، 1988 کے مطابق، سال 2014 میں وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد سنگھ ایک سال کے لئے ایس پی جی سکیورٹی کے حقدارا تھے۔ ان کی ایس پی جی سکیورٹی ان کی اور ان کی بیوی گرشرن کور پر خطروں کو دیکھتے ہوئے ہرسال تجزیہ کے بعد بڑھا دی جاتی تھی۔ سنگھ کی بیٹی کو ایس پی جی سکیورٹی ملی ہوئی تھی لیکن سال 2014 میں انہوں نے اپنی مرضی سے اس کو چھوڑ دیا تھا۔

سال 1991 میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے بعد ایس پی جی قانون میں ترمیم کر کے کم سے کم 10 سال کے لئے تمام سابق وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے لئے اہتمام کیا گیا تھا۔حالانکہ، اٹل بہاری واجپائی حکومت نے ایس پی جی کے کام کرنے کے طریقے کا ایک تجزیہ کیا تھا اور سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راو، ایچ ڈی دیوگوڑا اور آئی کے گجرال کی ایس پی جی سکیورٹی  ہٹا لی تھی۔

سال 2003 میں واجپائی حکومت نے ایک بار پھر سے ایس پی جی قانون کا تجزیہ کیا اور اس میں ترمیم کی۔ اس کے تحت سابق وزیر اعظم کو 10 سال کے لئے ملنے والی حفاظت کو گھٹاکر ایک سال کر دیا گیا۔ وہیں، سالانہ تجزیہ کے بنیاد پر حفاظت بڑھانے کا اہتمام کیا گیا۔حالانکہ، سال 2004 میں عہدہ چھوڑنے والے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو سال 2018 میں ان کی موت تک ایس پی جی حفاظت ملتی رہی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)