خبریں

مہاراشٹر: سرکاری رپورٹ میں مراٹھواڑہ کے کسانوں کے لیے 2904 کروڑ کے معاوضے کی سفارش

مہاراشٹرسرکار کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بےموسم برسات سے 4433549 کسان متاثر ہوئے اور آٹھ ضلعوں میں 4149175 ہیکٹر زمین پر فصل برباد ہوئی۔

علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی

علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: سرکار کی ایک رپورٹ میں بےموسم برسات سے فصلوں کو ہوئے نقصان کے لیے مہاراشٹر کےمراٹھ واڑاعلاقے کے کسانوں کو 2904.36 کروڑ روپے کے معاوضے کی سفارش کی گئی ہے۔اورنگ آباد کےڈویژنل کمشنر آفس  کے ذریعے  تیار کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بےموسم برسات سے 4433549 کسان متاثر ہوئے اور آٹھ ضلعوں میں4149175 ہیکٹر زمین پر فصل برباد ہوئی۔

کمشنر پراگ سومن نے بتایا کہ یہ رپورٹ ریونیوڈپارٹمنٹ کے ذریعے  کئے گئے سروے پر مشتمل ہے۔ اس کو بدھ کو ریاستی  انتظامیہ کو سونپا گیا۔24 اکتوبر کو آئے مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے نتائج کے بعد کسی پارٹی کی سرکار نہ بننے کی وجہ سےریاست میں ابھی صدر راج نافذ ہے۔

مسلسل قحط کا سامنا کرنے والے مراٹھواڑہ حلقے میں اس سال بھی مانسون کے دوران بارش اچھی نہیں ہوئی تھی لیکن اکتوبر میں یہاں شدید بارش ہوئی، جس سے خریف کی کھڑی فصل کو نقصان پہنچا۔سومن نے آگے کہا، ‘ہمیں اس علاقے کے کسانوں کومعاوضہ دینے کے لیے 2904.36 کروڑ روپیوں کی ضرورت ہے۔’ انہوں نے کہا کہ اکثر معاملوں میں کھڑی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔

سومن نے مزید کہا کہ ناندیڑ، بیڈ اور اورنگ آباد ضلع سب سے زیادہ متاثر ہے اور ان تینوں ضلعوں کو معاوضے کے طورپر 400 کروڑ روپے سے زیادہ  کی ضرورت ہے۔خبررساں  ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، رپورٹ میں کہا گیا کہ جبکہ پوری طرح سے بارش  پر منحصر زمین 6800 روپے فی ہیکٹر کی شرح  سے معاوضہ حاصل  کرےگی، آب پاشی پر منحصر زمین  13000 روپے فی  ہیکٹر اور باغوں کو 18000 روپےفی  ہیکٹر حاصل ہوگا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ اس مانسون میں اس علاقے میں کل 5020591 ہیکٹر زمین  کھیتی کے تحت آ گئی تھی۔بتا دیں کہ، سرکار نے حال ہی میں پورے مہاراشٹر میں بےموسم بارش سے متاثر کسانوں کو فوری مددا کے لیے 10000 کروڑ روپے کی منظوری دی تھی۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)