خبریں

راجستھان: الور میں سر پنچ کے شوہر کا پیٹ پیٹ کر قتل

راجستھان کے الور ضلع کے منڈاور تھانہ حلقہ کا واقعہ۔ رشتہ داروں نے قتل کے پیچھے سیاسی رنجش ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پولیس نے قتل کا کیس درج کیا ۔

Alwar-e1532962208732

نئی دہلی: راجستھان کے الور ضلع میں 40 سال کے کاروباری  اور سرپنچ کے شوہر کا اتوار  کی شام پیٹ پیٹ کر قتل کر دیاگیا۔ پولیس نے اس کی جانکاری دی۔پولیس نے بتایا کہ منڈاور تھانہ حلقہ  کے اہیر بھگولا میں یہ واقعہ  تب ہوا جب مہاویر یادو اپنی فیکٹری سے گھر واپس لوٹ رہے تھے اور ملزمین نے ان پر لاٹھی ڈنڈوں اور سریوں سے حملہ کر دیا جس میں وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔

پولیس نے کہا کہ زخمی کو نزدیکی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کو مردہ قراردے دیا گیا۔مہاویر یادو کی بیوی  ببلی دیوی الور ضلع کے منڈاور تھانہ حلقہ کی گرام پنچایت دربار پور کی سرپنچ ہیں۔ پولیس نے کہا، ‘ملزمین کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔’

دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق، واقعہ  کا پتہ چلتے ہی موقع پر بڑی تعداد میں گاؤں والے پہنچ گئے۔ مرنے والے کے رشتہ داروں  نے قتل  کے پیچھے سیاسی رنجش ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔مرنے والے کے بھائی پت رام یادو نے بتایا کہ مہاویر کی اہیر بھگولا میں ہی سیمنٹ کے پائپ بنانے کی فیکٹری ہے۔

پت رام کے مطابق، شام تقریباً 7:30 بجے اطلاع  ملی کہ ان کا بھائی اہیر بھگولا واقع اسکول کے پاس زخمی پڑا ہے۔ جب وہ وہاں پہنچے تو مہاویر کی سانس چل رہی تھی۔ انہوں نے پت رام کو بتایا کہ ان کے پیر پر ہتھوڑے سے وار کئے گئے ہیں۔ مارنے والے گاؤں کے ہی ببرو کا بیٹا ابھئے سنگھ یادو اور جتیندر عرف جیتو کا بیٹا ستیش یادو سمیت تین چاردیگر  لوگ تھے۔

رپورٹ کے مطابق، مرنے والے کے بھائی پت رام نے اس کی شکایت پولیس سے کر دی۔ واردات کے بعد یہ سبھی ملزم گاؤں سے غائب ہو گئے ہیں۔ڈی ایس پی نواب خان نے بتایا کہ مرنے والے کے بھائی پت رام کی شکایت پر دو لوگوں کو نامزد کرتے ہوئے قتل  کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)