خبریں

گجراتی نیوز پورٹل کے مدیر پرسیڈیشن کے الزام میں مقدمہ درج

پولیس کے مطابق، فیس آف نیشن کے مدیر دھول پٹیل نے مبینہ طور پر 7 مئی کو ایک خبر لکھی، جس کا عنوان تھا، ‘من سکھ منڈاویا کو ہائی کمانڈ نے بلایا، گجرات میں قیادت میں تبدیلی کا امکان’۔ منڈاویا مرکزی وزیر اور گجرات سے راجیہ سبھا ایم پی  ہیں۔

Face-of-Nation

نئی دہلی: گجراتی نیوز پورٹل کے ایک مدیر پر ریاست میں بڑھتے کو رونا وائرس معاملوں کی تنقیدکی وجہ سے گجرات میں قیادت میں تبدیلی  کا مشورہ  دینے والی ایک رپورٹ شائع کرنے کے لیے سوموار کو سیڈیشن کا معاملہ درج کیا گیا اور حراست میں لیا گیا۔انڈین ایکسپریس نے پولیس حوالے سے لکھا ہے کہ ، فیس آف نیشن کے مالک اور مدیر دھول پٹیل نے مبینہ طور پر 7 مئی کو ایک خبر لکھی، جس کا عنوان تھا، ‘من سکھ منڈاویا کو ہائی کمانڈ نے بلایا، گجرات میں قیادت میں تبدیلی کا امکان’۔ منڈاویا مرکزی وزیر اور گجرات سے راجیہ سبھا ایم پی  ہیں۔

خبر میں ذکر کیا گیا ہے کہ گجرات میں کووڈ 19 کے معاملے بڑھ رہے ہیں، گجرات کے وزیر اعلیٰ کی‘ناکامی’ کو نئی دہلی نےاپنی جانکاری میں  لیا ہے۔ منڈاویا کو بی جے پی  اعلیٰ کمان نے بلایا تھا، جس کی وجہ سے ریاست میں قیادت میں تبدیلی  کا اندازہ لگایا جارہا  تھا۔پٹیل کو احمدآباد واقع ان کی رہائش سے کرائم برانچ کی احمدآباد ڈی ٹیکشن ٹیم نے حراست میں لیا تھا۔ ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 124 اے (سیڈیشن) اورڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ54 (جھوٹی وارننگ کے لیے سزا)کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

ڈی سی بی احمدآباد کے اسسٹنٹ کمشنربیوی گوہل نے کہا، ‘ویب پورٹل پر ایک پیغام کے توسط سے ریاست اور سماج میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی…کرائم برانچ کی طرف سے شروعاتی جانچ کی گئی اور اس کے بعد مدیر پر معاملہ درج کیا گیا اور حراست میں لیا گیا۔’

صحافی  کے خلاف بی جے پی  سرکار کی کارروائی کی تنقید کرتے ہوئے کانگریس ترجمان شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ اگر بی جے پی سرکار کی  قیادت کی تنقید جرم ہے تو بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی کے خلاف کیس کیوں نہیں درج کیا جا رہا ہے؟

گوہل نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘وزیر اعلی وجئے روپانی کی بزدلانہ کارروائی پر گجرات حیران ہے، جن کی  ہدایت  پر گجرات پولیس نے مقامی ویب سائٹ کے مدیر دھول پٹیل کو غیر ضمانتی دفعات کے تحت گرفتار کیا ہے۔ روپانی جی، اگر آپ کی  قیادت کی تنقید جرم ہے تب بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی کے خلاف کیس کیوں نہیں درج کیا جا رہا ہے؟’

گوہل نے سوامی کے ایک ٹوئٹ کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے گجرات میں قیادت کی تبدیلی کو ضروری بتایا تھا۔سوامی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ گجرات میں کو رونا وائرس کے شکار ہونے والوں کی تعداد تبھی قابو کی جا سکتی ہے جب آنندی بین کی گجرات کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر واپسی ہو۔ سوامی نے اپنے اس ٹوئٹ سے اپنی ہی پارٹی کے وزیر اعلیٰ وجئے روپانی کی قیادت پر سوال اٹھایا تھا۔