خبریں

چارہ گھوٹالے سے جڑے معاملے میں لالو پرساد یادو کو ملی ضمانت، فی الحال جیل میں ہی رہیں گے

جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے چائیباسا ٹریزری غبن معاملے میں سزا کی آدھی مدت مکمل کرنےکی بنیاد پر بہار کےسابق وزیر اعلیٰ اورراشٹریہ جنتا دل کےصدر لالو پرساد یادو کو ضمانت دے دی ہے، حالانکہ دمکا ٹریزری غبن معاملے میں ضمانت نہ ملنے کی وجہ سے انہیں عدالتی  حراست میں رہنا ہوگا۔

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ  لالو پرساد یادو(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ  لالو پرساد یادو(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: جھارکھنڈ ہائی کورٹ  نے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ  اور راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو کو 950 کروڑ روپے کے چارہ گھوٹالے سے جڑے 33 کروڑ، 67 لاکھ روپے کے چائیباساٹریزری  سے غبن کے معاملے میں آدھی سزا مکمل  کر لینے کی وجہ سےجمعہ کو ضمانت دے دی۔حالانکہ ابھی چارہ گھوٹالے کے دمکا ٹریزری  سےغبن کےمعاملے میں ضمانت نہ ملنےکی وجہ سے وہ فی الحال عدالتی حراست میں ہی رہیں گے۔

جھارکھنڈہائی کورٹ کے جج اپریش کمار سنگھ کی بنچ نے چارہ گھوٹالے کے چائیباساٹریزری سے غبن کے معاملے میں لالو پرساد یادو کی ضمانت عرضی پرشنوائی کرتے ہوئے انہیں اس بنیاد پرضمانت دے دی کہ انہوں نے پانچ سال کی قید بامشقت میں سے 30 ماہ عدالتی حراست میں پورے کر لیے ہیں۔

ہائی کورٹ نے لالو یادو کو اس معاملے میں ضمانت کے لیے پچاس پچاس ہزار روپے کے دو نجی مچلکے دینے اور دو لاکھ روپے کی جرما نے کی رقم اسپیشل سی بی آئی عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت  دیے ہیں۔

لالو کے لمبےعرصے سے راجیندرانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ریمس)میں زیر علاج ہونے کے معاملے کانوٹس لیتے ہوئے ہائی کورٹ  نے ریمس انتظامیہ کو لالو یادو کےصحت کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں شنوائی کی اگلی تاریخ چھ نومبر سے پہلےپیش کرنے کی ہدایت  دی ہیں۔

ریاستی سرکار سے عدالت نے ریمس میں رہنے کے دوران لالو یادو سے ملاقاتیوں کی تفصیلات بھی مانگی ہے۔رانچی کی سی بی آئی عدالت نے چارہ گھوٹالے سے متعلق چائیباساٹریزری غبن معاملے میں انہیں پانچ سال کی سزا سنائی ہے۔

امر اجالا کے مطابق، اپنی ضمانت عرضی میں لالو پرساد یادو نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے میں آدھی سزا کاٹ چکے ہیں، جس کی بنیاد پر انہیں ضمانت ملنی چاہیے۔ اس سے پہلے11ستمبر کو شنوائی کے دوران سی بی آئی نے ضمانت کی مخالفت کی تھی۔

چائیباسا کے اس معاملے کے علاوہ لالو کو قبل میں دیوگھرٹریزری سے غبن اور چائیباسا کے ایک دیگر معاملے میں پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے، لیکن دمکا ٹریزری سے غبن کے معاملے میں انہیں اب تک ضمانت نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے ابھی انہیں عدالتی حراست میں ہی رہنا ہوگا۔

لالو کو چارہ گھوٹالے کے چائیباسا معاملے میں ضمانت کے لیے پچاس پچاس ہزار روپے کے دو نجی مچلکے دینے کےساتھ ہی اس معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے ذریعے دی گئی جرما نے کی سزا کے دو لاکھ روپے بھی سی بی آئی کی خصوصی  عدالت میں جمع کرانے ہوں گے۔

گزشتہ سال مارچ مہینے میں چارہ گھوٹالے میں دمکا ٹریزری سے تقریباً3 کروڑ 13 لاکھ غبن کے معاملے میں قصوروا قرار دیے گئےلالو یادو کومختلف دفعات میں7-7 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔اس سے پہلےچارہ گھوٹالےکےتین معاملوں میں پہلے ہی سزا پا چکے لالو پرساد یادو کو دیوگھرٹریزری اور چائیباساٹریزری کے غبن کے دو معاملوں میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔

جنوری2019 میں950 کروڑ روپے کے چارہ گھوٹالہ میں دیوگھرٹریزری سے 89 لاکھ، 27 ہزار روپے کی غیرقانونی نکاسی کے معاملے میں لالو یادو کو رانچی کی سی بی آئی عدالت ساڑھے تین سال کی قید اور دس لاکھ جرما نے کی سزا سنائی تھی۔

سال2013 کے اکتوبر مہینے میں چائیباساٹریزری سے 37 کروڑ، ستر لاکھ روپے غیرقانونی ڈھنگ سے نکاسی کرنے کے چارہ گھوٹالے کے ایک دیگر معاملے میں لالو پرساد یادو سمیت 22 لوگوں کو سزا سنائی گئی تھی۔

حالانکہ لالو یادو نے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ  میں اپیل کی تھی جس کے بعد انہیں ضمانت مل گئی تھی۔اس وقت لالو پرساد یادو دمکا ٹریزری  سےغیرقانونی نکاسی معاملے میں سزایافتہ ہیں اور فی الحال ریمس میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ انہیں شوگر،دل کا مرض  سمیت کئی اور طرح کی بیماریاں ہیں۔

 (خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)