خبریں

مہاراشٹر: مویشی لے جا رہے نوجوانوں کو پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کے الزام میں چھ گرفتار

مہاراشٹر کے ناسک ضلع کا معاملہ۔ بھیونڈی کے رہنے والے 23 سالہ لقمان سلیمان انصاری اور دو دیگر 8 جون کو کچھ مویشی لے جا رہے تھے، جب ایک ہجوم نے ان پر حملہ کر دیا۔ انصاری کی لاش  10 جون کو برآمد کی گئی۔ ملزمین کےمبینہ طور پر راشٹریہ بجرنگ دل سے وابستہ  ہونے کی جانکاری ملی ہے۔

(فوٹوبہ شکریہ: وکی میڈیا کامنس)

(فوٹوبہ شکریہ: وکی میڈیا کامنس)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے ناسک میں غیر قانونی طور پرمویشی لے جانے کے شبہ میں ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر  قتل کر دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں مبینہ طور پر راشٹریہ بجرنگ دل کے چھ ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مرنے والے کی شناخت 23 سالہ لقمان سلیمان انصاری کے طور پر ہوئی ہے جو بھیونڈی کے پڑگھا کا رہنے والا تھا۔ ان کی لاش 10 جون کو ممبئی آگرہ قومی شاہراہ کے قریب سے ملی تھی۔

دی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق، لقمان دو دیگر افراد پپو عتیق  پڈی (36 سال) اور عقیل غلام گاونڈی (25 سال) کے ساتھ کورےگاؤں ضلع سے دو گائے، ایک بیل اور ایک بچھڑا لے کر جا رہا تھا۔ راستے میں وہ پانی پینے کے لیے ایک جگہ رکےتھے، جب گئو رکشکوں کو اس بات کا علم ہوا تو وہ وہاں پہنچ گئے۔

واقعہ گزشتہ 8 جون کو پیش آیا تھا۔

عقیل کے مطابق، راشٹریہ بجرنگ دل کے ارکان نے انہیں پکڑنے کے بعد بانس کے ڈنڈے سے پیٹنا شروع کردیا اور رقم کا مطالبہ کیا، لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تاہم، بجرنگ دل کےارکان لقمان اور پپو کو پرائیویٹ گاڑی میں لے گئے۔ پپو نے بتایا کہ انہیں سر پر چوٹ لگی اور وہ بے ہوش ہوگئے۔ وہ ایک دن  کے لیے ہسپتال میں تھے۔

اگت پوری پولیس نے 11 جون کو چھ ملزمین کو گرفتار کیا اور ان پر قتل کا الزام لگایا۔ انہیں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 17 جون تک پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ‘ملزمین کو اگلے روز گرفتار کیا گیا،تفتیش ابھی جاری ہے اور ہم ان کے خلاف مزید الزامات جوڑ سکتے ہیں’۔ لقمان انصاری کے جسم پر نشانات ہیں، جواشارہ کرتے ہیں کہ انہیں گھسیٹا گیا ہے۔ ہم ابھی تک یہ نہیں جانتے کہ وہ قانونی طور پریا غیر قانونی طور پر مویشی لے جا رہے تھے۔

ملزمین کی شناخت پردیپ ادھولے عرف پپو، بھاسکر بھگت، چیتن سوماونے، وجے بھاگاڈے، روپیش جوشی اور شیکھر گائیکواڑ کے طور پر کی گئی ہے۔ جو راشٹریہ بجرنگ دل کا رکن ہے۔ اس تنظیم کی بنیاد انٹرنیشنل ہندو کونسل کے صدر پروین توگڑیا نے رکھی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ان ملزمین کے خلاف قتل، مجرمانہ سازش اور فساد کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے غیر قانونی نقل و حمل اور گائے بیل کی خریداری کے لیے پپو عتیق پڈی اور لقمان سلیمان انصاری کے خلاف مہاراشٹرا اینیمل پرزرویشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔