خبریں

سفارتی کشیدگی کے درمیان بک مائی شو نے کینیڈین-پنجابی گلوکار شبھ کا ہندوستان دورہ رد کیا

بتایا جا رہا ہے کہ ٹکٹ بکنگ پلیٹ فارم ‘بُک مائی شو’نے یہ قدم گلوکار شبھ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ہندوستان کے نقشے کی مسخ شدہ تصویر شیئر کیے جانے اور کئی لوگوں کی تنقیدکے بعد اٹھایا ہے۔ اس سے قبل موبائل اسیسریز برانڈ ‘بوٹ’ان  کےہندوستان دورے کی اسپانسرشپ سے پیچھے ہٹ گیا تھا۔

شبھ نیت سنگھ (تصویر بہ شکریہ: انسٹاگرام)

شبھ نیت سنگھ (تصویر بہ شکریہ: انسٹاگرام)

نئی دہلی: کینیڈا اور ہندوستان کے درمیان سفارتی کشیدگی کے بیچ ٹکٹ بکنگ پلیٹ فارم ‘بک مائی شو’نے کینیڈین-پنجابی گلوکار شبھ کا ہندوستان دورہ رد کردیا ہے۔ پلیٹ فارم کو مبینہ طور پر خالصتان حامی (شبھ) کی میزبانی کے لیے سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق، یہ قدم گلوکار، جو پہلے شبھ نیت سنگھ کے نام سے معروف تھے، کی جانب سےسوشل میڈیا پر ہندوستان کے نقشے کی مسخ شدہ تصویر شیئر کرنے اور بہت سے لوگوں کی تنقیدکے بعد  اٹھایا گیا ہے۔

ہندوستان میں ان کا دورہ 23 ستمبر سےممبئی سے شروع ہونے والا تھا۔ اس دوران انہیں بنگلورو، دہلی، حیدرآباد اور کولکاتہ سمیت 11 ہندوستانی شہروں میں پرفارم کرنا  تھا۔ ‘بک مائی شو’ ان کے ہندوستانی دورے کا اسپانسر تھا۔

‘بک مائی شو’ نے شبھ نیت کے دورے کورد کرنے کی وجہ بتانے سے گریز کیا اور اپنے صارفین کوپیسےواپس کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

پلیٹ فارم نے سوشل سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا ہے، ‘گلوکار شبھ نیت سنگھ کا ہندوستان کے لیے اسٹل رولن ٹورردکر دیا گیا ہے۔ اس کے لیے بک مائی شو نے ان تمام صارفین کے  ٹکٹ کے پیسے کی واپسی شروع کر دی ہے جنہوں نے ٹکٹ خریدے تھے۔ رقم کی واپسی 7-10 ورکنگ ڈے میں صارف کے اصل ٹرانزیکشن سورس اکاؤنٹ تک پہنچ جائے گی۔

گلوکارہ شبھ نیت کے ہندوستان دورے کو رد کرنے کے فیصلے سے قبل سوشل میڈیا پر بکنگ ایپ کے بائیکاٹ کی اپیل کی گئی تھی۔ ایکس پر ہیش ٹیگ ان انسٹال بک مائی شو ٹرینڈ کر رہا تھا۔

بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) کے صدر تجندر سنگھ توانہ نے دعویٰ کیا کہ شبھ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے خالصتان اور علیحدگی پسندوں کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا، ‘ہم گلوکار شبھ کو چھترپتی شیواجی مہاراج کی مقدس سرزمین ممبئی میں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اگر مناسب کارروائی نہ کی گئی تو منتظمین کو ہمارے احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘ انہوں نے گلوکار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ریڈیف میل ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق، شبھ نیت ایک ابھرتے  ہوئے پنجابی ریپر ہیں، جو اپنے گانے ‘اسٹل رولن’ کے انسٹاگرام ریلز پر بڑی تعداد میں اسٹریم کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔ وہ 2021 میں اپنا پہلا سنگل ‘وی رولن’ لے کر آئے تھے۔ اب تک اسے یوٹیوب پر 20.1 کروڑ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنا پہلا البم ‘اسٹل رولن’ بھی جاری کیا ہے۔

‘وی رولن’سے وہ کینیڈا، برطانیہ، امریکہ اور آسٹریلیا میں پنجابی تارکین وطن میں مقبول ہوئے تھے۔ بعد ازاں ان کے گانے ’ایلیویٹڈ‘ اور ’آف شور‘ بھی پنجابی موسیقی کے شائقین کے درمیان مقبول ہوئے۔

کچھ دن پہلے، موبائل اسیسریز برانڈبوٹ ان کے ہندوستان کے دورے کی اسپانسرشپ سے پیچھے ہٹ گیا تھا۔

اس نے ایکس پر ایک آفیشیل بیان شیئر کیا جس میں لکھا گیا تھا، ‘میوزک کمیونٹی سے ہماری وابستگی گہری ہے، ہم سب سے پہلے اور سب سے اہم سچے ہندوستانی برانڈ ہیں۔ چنانچہ جب ہمیں اس سال کے شروع میں آرٹسٹ شبھ کے تبصروں کے بارے میں معلوم ہوا تو ہم نے اس کے دورے سے اپنی اسپانسرشپ واپس لینے کا فیصلہ کیا۔’

گلوکار ریپر نے ابھی تک اپنے شو کی منسوخی پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

واضح ہو کہ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سوموار (18 ستمبر) کو کینیڈا کی پارلیامنٹ میں سنسنی خیز بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے ملک کی سکیورٹی ایجنسیوں کے پاس ‘قابل اعتماد’ خفیہ جانکاری ہے کہ جون 2023 میں برٹش کولمبیا میں خالصتان کے حامی رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے پیچھےہندوستانی حکومت کا ہاتھ تھا۔ کینیڈا نے ایک سینئر ہندوستانی سفارت کار کو بھی ملک بدر کر دیا، جن کی پہچان ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے کینیڈین چیف کے طور پر کی گئی ہے۔ ہندوستان نے ان الزامات کو ’مضحکہ خیز اور اسپانسرڈ‘ قرار دیا ہے۔

اس رپورٹ کو انگریزی میں پڑھنے کے لیےیہاں کلک کریں۔