خبریں

یوپی: دھمکی آمیز کال کی شکایت کرنے گئی دلت خاتون کے ساتھ ریپ کرنے کے الزام میں سب انسپکٹر پر کیس

پولیس نے بتایا کہ شکایت کے بعد اتر پردیش کے الہ آباد شہر میں تعینات ملزم سب انسپکٹر کومعطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف تحقیقات کے حکم دیے گئے ہیں۔ 35 سالہ شادی شدہ دلت خاتون دھمکی آمیز کال کی شکایت کرنے کے دوران  ملزم کے ساتھ رابطے میں آئی تھی۔

(السٹریشن دی وائر)

(السٹریشن دی وائر)

نئی دہلی: اترپردیش کے الہ آباد شہر میں ایک سب انسپکٹر (ایس آئی) کے خلاف ایک 35 سالہ دلت خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر ریپ کرنے کامعاملہ درج کیا گیا ہے۔ خاتون نے ایک نامعلوم کالر کی دھمکی آمیز کال کی شکایت  کے سلسلے میں ان سے رابطہ کیا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (الہ آباد) سدھیر کمار نے بدھ (27 ستمبر) کوکہا کہ ملزم ایس آئی سدھیر پانڈے  (42) کو معطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف تحقیقات کے حکم دیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق، مبینہ واقعہ گزشتہ جمعرات (21 ستمبر) کو اس وقت پیش آیا،  جب پانڈے نے خاتون کو اس شخص کی پہچان  کرنے کے لیے اپنی کارمیں ساتھ چلنے کے لیے’مجبور’ کیا، جس نے انہیں مبینہ طور پر دھمکی آمیز کال کی تھی۔

خاتون شادی شدہ ہیں اور ان  کا ایک بیٹا ہے۔ انہوں نے اپنی شکایت میں کہا کہ وہ ایک نامعلوم کالر کی جانب سے دھمکی آمیز کال موصول ہونے کی شکایت کرنے پولیس اسٹیشن گئی تھی۔ چوکی انچارج ایس آئی پانڈے نے ان کا سیل فون نمبر لیا اور کہا کہ وہ کال کرنے والے کا پتہ لگائیں گے۔ تاہم، خاتون کے مطابق، پانڈے نے اس کے بعد انہیں رینڈم کال کرنا شروع کر دیا۔

خاتون نے بتایا کہ 21 ستمبر کی دوپہر کو ایس آئی پانڈے نے انہیں شام کو پولیس چوکی آنے کو کہا۔

شکایت کے مطابق، ‘خاتون نے کہا کہ جب وہ پولیس چوکی کی طرف جا رہی تھیں تو ان کی ملاقات ایس آئی پانڈے سے ہوئی، جو ایک پرائیویٹ کار میں بیٹھے تھے۔ ایس آئی نے انہیں بتایا کہ انہوں نے اس شخص کو ٹریس کر لیا ہےجس نے انہیں دھمکی آمیز کال کی تھی۔ خاتون نے الزام لگایا کہ ایس آئی نے انہیں زبردستی کار میں بٹھایا اور راستے میں نشہ آور کولڈ ڈرنکس پلایا۔

تفتیش میں شامل ایک پولیس افسر نے بتایا،’خاتون نے کہا کہ وہ کولڈ ڈرنک پینے کے بعد بے ہوش ہو گئیں اور ایس آئی نے گاڑی کے اندر اس کے ساتھ ریپ کیا۔’

خاتون نے یہ بھی کہا کہ چوکی پر واپس آتے ہوئے پانڈے، جو  اس وقت نشے میں تھے،  نےکنٹرول کھو دیا  اور کار درخت سے ٹکرا گئی۔ وہ زخمی ہو گئیں اور پولیس ٹیم نے انہیں ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ایس آئی کے ساتھ ارجن، سبھا جیت اور سنتوش پانڈے نام کے تین لوگوں نے انہیں ریپ  کی شکایت درج کرنے کے خلاف دھمکی دینا شروع کر دی تھی۔

خاتون کی جانب سےسینئر حکام  کے ہاس شکایت درج کرانے کے بعد 26 ستمبر کو ایک ایف آئی آر درج کی گئی۔ ایس آئی پانڈے کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 328 (جرم کرنے کے ارادے سے زہر وغیرہ کے ذریعے چوٹ پہنچانا)، 354 ڈی (پیچھا کرنا)، 376 (ریپ)، 506 (مجرمانہ دھمکی) اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کی  دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔

پولیس نے کہا کہ ارجن، سبھا جیت اور سنتوش کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔