خبریں

نیپال میں آدھی رات میں آئے زلزلے سے 132 لوگوں کی موت، 100 سے زائد زخمی

جمعہ کی آدھی رات کو نیپال میں آئے 6.4 شدت کے زلزلے میں کم از کم 132 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ہندوستان میں دہلی-این سی آر کے علاوہ راجستھان، اتر پردیش اور بہار میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

نیپال میں زلزلے سے منہدم مکانات کا ملبہ(تصویر بہ شکریہ: X/@nknayak17)

نیپال میں زلزلے سے منہدم مکانات کا ملبہ(تصویر بہ شکریہ: X/@nknayak17)

نئی دہلی: نیپال میں جمعہ کی آدھی رات کو آئے  6.4 شدت کے زلزلے میں کم از کم 132 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہندوستان میں دہلی-این سی آر  کے علاوہ راجستھان، اتر پردیش اور بہار میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، زلزلہ رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا اور اس کا مرکز کھٹمنڈو سے 142 کلومیٹر اور نئی دہلی سے 941 کلومیٹر دور جاجراکوٹ میں لامیڈنڈامیں  تھا۔

بتایا جا رہا ہے کہ نیپال میں ہلاکتوں کی تعدادمیں اضافہ ہو سکتا ہےکیوں  کہ امدادی کام جاری ہے۔ وزیر اعظم پشپ کمل دہل ‘پرچنڈ’ نے سنیچر کی صبح میڈیکل ٹیم کے ساتھ متاثرہ مقامات کا دورہ کیا۔ حکام نے بتایا کہ نیپال آرمی اور نیپال پولیس دونوں کے جوانوں کو ریسکیو آپریشن میں تعینات کیا گیا ہے۔ نیپال میں کئی مقامات پر مواصلاتی خدمات منقطع ہوگئی ہیں۔

نیپال سے سامنے آنے والی ملبے کی تصویریں  اور ویڈیو میں زلزلے کے تباہ کن اثرات کو دیکھا جا سکتا ہے جہاں مکانات منہدم ہو گئے ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ سینکڑوں افراد اس میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات جاجراکوٹ اور مغربی رخم اضلاع میں ہوئی ہیں جبکہ دیگر اضلاع سے ابھی بھی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

ہندوستانی اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹس کے میٹنگ پوائنٹ پر واقع نیپال میں  زلزلے کا خطرہ بنا رہتاہے۔ 2015 میں 7.8 شدت کے زلزلے اور اس کے آفٹر شاکس کی وجہ سے تقریباً 9000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جمعہ کی آدھی رات کو آیا زلزلہ نیپال میں ایک ماہ میں آنے والا تیسرا زلزلہ تھا۔

اس سے قبل 2 اکتوبر کو نیپال میں 6.2 اور 4.6 شدت کے دو زلزلے آئے تھے۔ 22 اکتوبر کو نیپال میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیاتھا،جس کا مرکز کھٹمنڈو سے 55 کلومیٹر دور دھاڈنگ تھا۔

وہاں کے نیشنل زلزلہ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق،رات 12.08 پر 4.5 شدت کا، 12.29 پر 4.2 شدت، 12.35 پر 4.3 اور صبح 4.16 پر 4.6 شدت کا زلزلہ آیا۔ آفٹر شاکس کے خوف سے بہت سے لوگوں نے ملبے کے درمیان کھلے میں رات گزاری اور پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کا کام جاری رکھا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے،’وزیر اعظم پشپ کمل دہل نے جمعہ کی رات آئے زلزلے میں جان و مال کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور فوری طور پر بچاؤ اور راحت کے لیے تینوں سیکورٹی ایجنسیوں کو تعینات کر دیا ہے۔’

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے نیپال کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستان نیپال کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ پی ایم مودی نے ٹوئٹ کیا، ‘ہماری تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے اور ہم زخمی افراد کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتے ہیں۔’