خبریں

اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی سے افتتاحی تقریب میں شرکت نہ کرنے کی درخواست کی گئی: رام مندر ٹرسٹ

رام مندر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی بزرگ ہیں اور ان کی عمر کو دیکھتے ہوئے ان سے افتتاحی تقریب میں نہ آنے کی درخواست کی گئی تھی، جسے دونوں نے قبول کر لیا ہے۔ اڈوانی اور جوشی ایودھیا میں رام مندر کی تحریک میں سب سے آگے رہنے والے لیڈروں میں شامل ہیں۔

لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی۔ (تصویر بہ شکریہ: فیس بک)

لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی۔ (تصویر بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: ایودھیا میں رام مندر کی تحریک میں سب سے آگے رہنے والے بی جے پی کے سرکردہ رہنماؤں ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کی صحت اور عمر کی وجہ سےاگلے مہینے ہونے والی افتتاحی تقریب میں شامل ہونے کا امکان نہیں ہے۔

گزشتہ سوموار (18 دسمبر) کو رام مندر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے صحافیوں کو بتایا، ‘دونوں ہمارے بزرگ ہیں اور ان کی عمر کو دیکھتے ہوئے ان سے نہ آنے کی درخواست کی گئی تھی، جسے دونوں نے قبول کر لیا ہے۔’

رائے نے کہا کہ 22 جنوری کی تقریب کی تیاریاں زوروں پر ہیں جس میں وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کریں گے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق، انہوں نے کہا کہ تقریب کی تیاریاں 15 جنوری تک مکمل کر لی جائیں گی اور ‘پران پرتشٹھا’ کے لیے پوجا 16 جنوری سے شروع ہو جائے گی، جو 22 جنوری تک چلے گی۔

مہمانوں کی تفصیلی فہرست دیتے ہوئے چمپت رائے نے کہا کہ اڈوانی اور جوشی صحت اور عمر کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کر سکتے۔

اڈوانی اب 96 سال کے ہیں اور جوشی اگلے ماہ 90 سال کے ہو جائیں گے۔

رائے نے کہا، ‘سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا سے ملنے اور انہیں تقریب میں مدعو کرنے کے لیے تین رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ تقریب میں چھ درشنوں (قدیم اسکولوں) کے شنکراچاریہ اور تقریباً 150 سادھوسنت بھی شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں تقریباً 4000 سنتوں اور 2200 دیگر مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ کاشی وشوناتھ، ویشنو دیوی جیسے بڑے مندروں کے سربراہان اور مذہبی اور آئینی اداروں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

رائے کے مطابق، روحانی پیشوا دلائی لاما، کیرل کی ماتا امرتا نند مئی، بابا رام دیو، اداکار رجنی کانت، امیتابھ بچن، مادھوری دکشٹ، ارون گوول، فلم ڈائریکٹر مدھور بھنڈارکر اور معروف صنعت کار جیسے مکیش امبانی، انل امبانی، مشہور پینٹر واسودیو کامت، اسرو کے ڈائریکتر نیلیش دیسائی اور دیگر کئی نامور شخصیات کو تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔

تقریب کے بعد رسمی روایات کے مطابق 24 جنوری سے 48 دنوں تک ‘منڈل پوجا’ کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مندر کو 23 جنوری کو عقیدت مندوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

چمپت رائے نے کہا کہ ایودھیا میں تین سے زیادہ مقامات پر مہمانوں کے قیام کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف مٹھوں، مندروں اور لوگوں کی جانب سے 600 کمرے دستیاب کرائے گئے ہیں۔

دریں اثنا، ایودھیا میونسپل کارپوریشن کے حکام نے کہا کہ انہوں نے تقریب کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ایودھیا میونسپل کمشنر وشال سنگھ نے کہا کہ متعین جگہوں پر عقیدت مندوں کے لیے فائبر ٹوائلٹ اور خواتین کے لیے چینجنگ روم لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رام جنم بھومی کمپلیکس میں ‘رام کتھا کنج’ گلیارہ بنایا جائے گا، جس میں بھگوان رام کی زندگی کے 108 واقعات کو دکھایا جائے گا۔