خبریں

ہندوستان اسلحہ درآمد کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک بنا ہوا ہے: رپورٹ

عالمی سطح پر ہتھیاروں کی فروخت پر نظر رکھنے والے یورپی تھنک ٹینک اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان دنیا کا سر فہرست ہتھیار درآمد کرنے والا ملک بنا ہوا ہے، جو عالمی ہتھیاروں کی فروخت کا 9.8 فیصد ہے۔

(علامتی تصویر: X/@adgpi)

(علامتی تصویر: X/@adgpi)

نئی دہلی: عالمی سطح پر ہتھیاروں کی فروخت پر نظر رکھنے والے یورپی تھنک ٹینک اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی ایک حالیہ رپورٹ میں  کہا گیا ہے کہ ہندوستان دنیا کا سرفہرست ہتھیار درآمد کرنے والا ملک بنا ہوا ہے، جو عالمی ہتھیاروں کی فروخت کا 9.8 فیصد حصہ ہے۔

ایس آئی پی آر آئی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دکن ہیرالڈ نے رپورٹ کیا ہے کہ روس ہندوستان کو ہتھیاروں کا سب سے بڑا سپلائر بنا ہوا ہے – جو اس کے اسلحے کی درآمدات کا 36 فیصد حصہ ہے – حالانکہ اس کی مجموعی حصہ داری  گھٹ رہی ہے کیونکہ ہندوستان اب ملٹری ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کے لیے مغربی ممالک اور ملکی  سپلائرز پر انحصار کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، روس کے بعد فرانس (33فیصد) ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا سپلائر ہے اور امریکہ (13فیصد) تیسرا بڑا سپلائر ہے۔

بتادیں کہ 2018-22 کے درمیان عالمی ہتھیاروں کی فروخت میں ہندوستان کے ہتھیاروں کی درآمدات کا حصہ 11 فیصد تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا اس لیے، 2019-2023 کی مدت میں معمولی گراوٹ آئی ہے – عالمی فروخت کا 9.8فیصد ہے۔

ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سر فہرست  10 اسلحہ درآمد کرنے والوں میں ہندوستان کے بعد سعودی عرب (8.4فیصد)، قطر (7.6فیصد)، یوکرین (4.9فیصد)، پاکستان (4.3فیصد)، جاپان (4.1فیصد) مصر (4فیصد)، آسٹریلیا (3.7فیصد)، جنوبی کوریا (3.1فیصد) اور چین (2.9فیصد) ہے۔

سرفہرست پانچ ممالک کو 2019-2023 کے دوران تمام ہتھیاروں کی درآمدات کا 35 فیصد حاصل ہوا۔

اس کے علاوہ،رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019-23 کے درمیان پاکستان میں اسلحے کی درآمدات میں 43 فیصد کا اضافہ ہوا اور پاکستان کے 82 فیصد ہتھیار چین سے درآمد کیے گئے۔

ایک مضبوط دفاعی صنعتی بنیاد بنانے پر نریندر مودی حکومت کے خصوصی زور کے باوجود ہندوستان ہتھیار برآمد کرنے والے سرفہرست 25 ممالک میں شامل نہیں ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلحہ برآمد کرنے والے سرفہرست 10 ممالک میں امریکہ (عالمی اسلحہ برآمدات کا 42 فیصد) سب سے اوپر ہے، اس کے بعد فرانس (11 فیصد)، روس (11 فیصد)، چین (5.8 فیصد)، جرمن (5.6 فیصد)، اٹلی (4.3فیصد)، برطانیہ (3.7فیصد)، اسپین (2.7فیصد)، اسرائیل (2.4فیصد) اور جنوبی کوریا (2 فیصد) ہیں۔

جہاں ہندوستان دنیا کے سب سے بڑے ہتھیاروں کے درآمد کنندہ کے طور پر اسٹریٹجک طور پر کمزور پوزیشن میں ہے، وہیں یہ فرانس، روس اور اسرائیل کے لیے ہتھیاروں کا سب سے بڑا صارف بنا ہوا ہے۔

Categories: خبریں

Tagged as: , , , ,