خبریں

ہندوستان میں روزگار کی صورتحال انتہائی سنگین، تقریباً 83 فیصد نوجوان بے روزگار: انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن

انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اور ہیومن ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے کل بے روزگار نوجوانوں میں تعلیم یافتہ بے روزگاروں کی تعداد سال 2000 کے مقابلے میں دگنی ہو چکی ہے۔ اس وقت تعلیم یافتہ بے روزگارنوجوانوں کی تعداد کل بے روزگار کا 35.2 فیصد تھی، جو 2022 میں بڑھ کر 65.7 فیصد ہو گئی۔

فوٹو:Credit: Fett/Flickr (CC BY 2.0)

فوٹو:Credit: Fett/Flickr (CC BY 2.0)

نئی دہلی: نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے دعووں اور وعدوں سے قطع نظر ملک میں بے روزگاری کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔

دی ہندو کے مطابق، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) اور انسٹی ٹیوٹ فار ہیومن ڈیولپمنٹ (آئی ایچ ڈی) کی جانب سے منگل (26 مارچ) کو جاری کی گئی ایمپلائمنٹ رپورٹ 2024 ظاہر کرتی ہے کہ ہندوستان کے تقریباً 83 فیصد بے روزگار نوجوان ہیں اور کل بے روزگار نوجوانوں میں ثانوی یا اعلیٰ تعلیم یافتہ  نوجوانوں کی حصے داری میں شدید اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، 2000 اور 2019 کے درمیان یوتھ ایمپلائمنٹ اور انڈرایمپلائمنٹ میں اضافہ ہوا، لیکن وبائی مرض  کے سالوں کے دوران اس میں گراوٹ آئی۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں نے اس عرصے میں  ملک میں بے روزگاری کی بلند سطح کا تجربہ کیا ہے۔

اس مطالعے کے مطابق، ملک کے کل بے روزگار نوجوانوں میں تعلیم یافتہ بے روزگاروں کی تعداد بھی سال 2000 کے مقابلے میں اب دگنی ہوچکی ہے۔ سال 2000 میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی تعداد کل بے روزگار نوجوانوں میں 35.2 فیصد تھی۔ جبکہ سال 2022 میں یہ بڑھ کر 65.7 فیصد ہو گئی ہے۔ اس میں صرف ان پڑھے لکھے نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے کم از کم دسویں تک کی تعلیم مکمل کی ہو۔

مطالعے میں کہا گیا ہے کہ لیبر فورس کی شرکت کی شرح (ایل ایف پی آر)، ورکرز کی آبادی کا تناسب (ڈبلیو پی آر) اور بے روزگاری کی شرح (یو آر) میں 2000 اور 2018 کے درمیان طویل مدتی گراوٹ دیکھی گئی، لیکن 2019 کے بعد اس میں بہتری کا مشاہدہ کیا گیا۔

مطالعے میں کہا گیا ہے کہ یہ بہتری معاشی بحران کے دورانیے یعنی کووِڈ سے پہلے اور بعد دونوں کی صورتحال سے میل کھاتی ہے۔ تاہم، کورونا کی دو پیک والی سہ ماہی مستثنیات بھی ہیں۔ اس رپورٹ کے مصنفین نے اس کی  ریلیز کے دوران کہا کہ اس بہتری کا جائزہ  محتاط انداز میں لینے کی ضرورت ہے کیونکہ کساد بازاری کی مدت میں پیدا ہونے والی نوکریاں ان تبدیلیوں پر سوال اٹھاتی ہیں۔

متضاد اصلاحات

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں میں ہندوستان کی نوکری کی کہانی میں لیبر مارکیٹ کے اشارے میں کچھ متضاد بہتری دیکھی گئی ہے، جہاں ملک میں روزگار کی صورتحال کی بنیادی طویل مدتی خصوصیت غیر زرعی شعبوں کی ناکافی ترقی اور صلاحیت بنی ہوئی ہے اور یہ شعبے زراعت سے مزدوروں کو جذب کرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2018 سے پہلے کے مختلف ادوار میں غیر زرعی روزگار میں زرعی روزگار کے مقابلے تیزی سے اضافہ ہوا۔ زرعی مزدوروں کو بنیادی طور پر تعمیرات اور خدمات کے شعبوں میں روزگار ملا۔

مطالعے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تقریباً 90 فیصد مزدور غیر رسمی (ان آرگنائزڈ سیکٹر) کام میں لگے ہوئے ہیں، جبکہ باقاعدہ کام کا حصہ، جو 2000 کے بعد لگاتار بڑھا، 2018 کے بعد کم ہوگیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں خاص طور پر غیر زرعی، آرگنائزڈ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر روزی روٹی کے حوالے سے عدم تحفظات ہیں۔ صرف ایک چھوٹا سا فیصد سماجی تحفظ کے دائرے میں آتا ہے۔ اس سے بھی خراب یہ ہے کہ ٹھیکہ داری کے چلن میں اضافہ ہوا ہے، صرف کچھ  فیصد مستقل ملازمین ہی  طویل مدتی کانٹریکٹ کے دائرے میں آتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کی افرادی قوت کا ایک بڑا حصہ نوجوان ہے لیکن ان کے پاس مہارت نہیں ہے۔ 75 فیصد نوجوان اٹیچمنٹ کے ساتھ ای میل بھیجنے سے قاصر ہیں، 60 فیصد فائلوں کو کاپی اور پیسٹ نہیں کر سکتے، جبکہ 90 فیصد یہ نہیں جانتے کہ اسپریڈشیٹ میں ریاضی کے فارمولے کیسے داخل کیے جائیں۔

صنفی امتیاز میں اضافہ

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روزگار کے معیاری مواقع کی کمی نوجوانوں میں بے روزگاری کی اعلیٰ سطح سے ظاہر ہوتی ہے، خاص طور پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والوں میں۔

مطالعے کے مطابق، ‘بہت سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اس وقت دستیاب کم تنخواہ والی، غیر محفوظ نوکریاں لینے کے خواہش مند نہیں ہیں اور مستقبل میں بہتر روزگار کے حصول کی امید میں انتظار کرنے کو ترجیح دیں گے۔’

لیبر فورس میں خواتین کی کم شرکت کے ساتھ، ملک کی لیبر مارکیٹ میں کافی صنفی فرق بھی ایک چیلنج ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ‘نوجوان خواتین میں بے روزگاری کا چیلنج خاص طور پر اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین میں بہت بڑا ہے۔’

بڑھتی ہوئی سماجی عدم مساوات کو اجاگر کرتے ہوئےرپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مثبت کارروائی اور ٹارگٹڈ پالیسیوں کے باوجود، درج فہرست ذاتیں اور قبائل اب بھی بہتر نوکریوں تک رسائی میں پیچھے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی معاشی ضروریات کی وجہ سے کام میں زیادہ حصہ داری ہوتی ہے، لیکن وہ کم اجرت والے عارضی کام اور غیر رسمی ملازمت میں زیادہ لگے ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا،’تمام گروہوں کے درمیان تعلیمی حصول میں بہتری کے باوجود سماجی گروہوں میں امتیازی سلوک برقرار ہے۔’