خبریں

یوپی: برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے کے قافلے کی گاڑی سے کچل کر دو لوگوں کی موت

یہ واقعہ گونڈہ ضلع میں پیش آیا، جہاں قیصر گنج لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار کرن بھوشن سنگھ کا قافلہ قیصر گنج سے حضور پور کی طرف جا رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ گاڑی نے موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو ٹکر مار دی، جن کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس واقعے میں ایک بزرگ خاتون بھی زخمی ہوئی ہیں۔

کرن بھوشن اور برج بھوشن شرن سنگھ۔ (تصویر بہ شکریہ: سوشل میڈیا)

کرن بھوشن اور برج بھوشن شرن سنگھ۔ (تصویر بہ شکریہ: سوشل میڈیا)

نئی دہلی: بی جے پی لیڈر برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے اور یوپی کی قیصر گنج لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار کرن بھوشن شرن سنگھ کے قافلے کی ایک گاڑی نے بدھ (29 مئی) کو دو لوگوں کو کچل دیا۔ جس کی وجہ سے موقع پر ہی ان کی موت ہوگئی، جبکہ اس حادثے میں ایک اور خاتون زخمی بتائی جارہی ہیں۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ گونڈہ ضلع کے کرنل گنج حضور پور روڈ پر واقع بینکٹھ ڈگری کالج کے قریب پیش آیا۔ جہاں کرن بھوشن کا قافلہ قیصر گنج سے حضور پور کی طرف جا رہا تھا۔ اسی دوران گاڑی نے بائیک پر سوار دو نوجوانوں کو ٹکر مار دی۔ اس واقعے میں ایک معمر خاتون بھی زخمی ہوگئیں، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

مقامی پولیس نے جائے وقوعہ سے گاڑی کو قبضے میں لے کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ کرن سنگھ خود اس گاڑی یا قافلے میں تھے یا نہیں۔

امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

کرنل گنج پولیس اسٹیشن کے انچارج نربھے نارائن سنگھ نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار ریحان خان (17) اور شہزاد خان (20) کو ایک اسکول کے قریب گاڑی نے ٹکر مار دی، جس کی وجہ سے دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

پولیس اسٹیشن انچارج کے مطابق، دونوں کو ٹکر مارنے والی ایس یو وی نے کنٹرول کھو دیا اور سڑک کے کنارے چل رہی ایک خاتون سیتا دیوی (60) کو بھی ٹکر مار دی۔

اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترنمول کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ‘باپ کی طرح بیٹے کو بھی انسانی جان کی کوئی قدر نہیں ہے۔آخر کب تک  بی جے پی ایسے لوگوں کی سرپرستی کرتی رہے گی؟’

اسکرین شاٹ۔ تصویر بہ شکریہ: X/@AITCofficia

اسکرین شاٹ۔ تصویر بہ شکریہ: X/@AITCofficia

معلوم ہو کہ تنازعات کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں موجودہ ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کی جگہ ان کے بیٹے کرن بھوشن سنگھ کو ٹکٹ دیا ہے۔ برج بھوشن شرن سنگھ خواتین پہلوانوں کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے سنگین الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

کرن شرن سنگھ کون ہیں؟

کرن شرن سنگھ، ایم پی اور انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے تین بیٹوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ 28 سالہ کرن اس سال فروری میں ہی اتر پردیش ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر بنے تھے، یعنی جب ساکشی ملک، ونیش پھوگاٹ، بجرنگ پونیا وغیرہ راجدھانی دہلی میں برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کر رہی  تھیں، تب کرن یوپی ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر کی کرسی پر فائز تھے۔

کرن خود بھی قومی سطح کے ٹریپ شوٹر رہے ہیں۔ وہ 2024 کے عام انتخابات سے پہلی بار قومی دھارے کی سیاست میں قدم رکھ رہے ہیں۔ برج بھوشن سنگھ کے بڑے بیٹے پرتیک بھوشن سنگھ گونڈہ صدر سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔

برج بھوشن شرن سنگھ پر کیا الزامات ہیں؟

چھ بار کے ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ پانچ بار قیصر گنج سے منتخب ہوئے ہیں۔ خواتین پہلوانوں نے ان پر الزام لگایا ہے کہ جب وہ انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے صدر تھے تو انہیں ہراساں کیا گیا۔

سنگھ کے خلاف دو ایف آئی آر میں جنسی ہراسانی کے کم از کم 15 واقعات کی تفصیل دی گئی ہے، جن میں نامناسب طریقے سےچھونے اور چھیڑ چھاڑ کے 10 واقعات شامل ہیں۔ ان پر خواتین پہلوانوں کی چھاتیوں پر ہاتھ رکھنے، ان کی نافوں کو چھونے، پیچھا کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے کئی الزامات ہیں۔