فکر و نظر

مودی آر ایس ایس کے حقیقی ’سپوت‘ ہیں اور سنگھ مودی سے سب سے زیادہ فیض اٹھانے والا

بھاگوت نے اپنے حالیہ ‘پروچن’ میں کہا کہ الیکشن میں کیا ہوتا ہے اس میں آر ایس ایس کے لوگ نہیں پڑتے، لیکن مہم کے دوران وہ لوگوں کے خیال اور نظریے کی تطہیر کرتے ہیں۔ تو اس بار جب ان کے سابق پرچارک نریندر مودی اور بی جے پی نفرت کا پرنالا بہا رہے تھے تو سنگھ کس طرح کی تطہیرکر رہا تھا؟

نریندر مودی اور سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت۔(تصویر بہ شکریہ: YouTube/narendra modi)

نریندر مودی اور سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت۔(تصویر بہ شکریہ: YouTube/narendra modi)

‘کیا آپ  نے تقریر سنی؟’، میرا دوست پر جوش تھا۔ کون سی تقریر، کس کی تقریر، یہ بتانا بھی انہوں نے ضروری نہیں سمجھا۔ انہیں یقین تھا کہ ان کا محض اتناکہہ دینا کافی ہے اور میں سمجھ جاؤں  گا کہ وہ کس تقریر کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ میں بھی سمجھ ہی گیا تھا، حالانکہ میں نے نہ سمجھنے کا ناٹک کیا۔ دیر تک یہ ناٹک نہیں کیا جا سکتا تھا؛ دراصل  ملک میں ان دنوں  ایک ہی تقریر کا چرچہ ہے! اور وہ موہن بھاگوت کا تازہ ترین پروچن تھا۔

بھاگوت نے کہا کہ ابھی حال ہی میں ہوئے انتخابات میں قدرومنزلت اور تعظیم  کا خیال نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن یا حزب اختلاف کا بھی اتنا ہی اہم درجہ ہے جتنا کہ حکمراں جماعت کا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ منی پور ایک سال سے امن  کی راہ دیکھ  رہا ہے۔ وہاں آگ لگی  ہوئی ہے یا لگائی  گئی ہے۔

تقریر لمبی ہے۔ اس میں وہ عورتوں کے شراب پی کر  گاڑی چلانے اور اس کی وجہ سے ہونے والے حادثات پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ پوچھتے ہیں کہ اس ملک کی اخلاقی قدریں  کہاں گم ہو گئی ہیں؟ خیال رہے کہ وہ عورت کے شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے کی مذمت کر رہے تھے، اور اسی وقت پونے کے ایک امیر نابالغ لڑکے کے ذریعے گاڑی سے دو لوگوں کو کچل کر مار دیے جانے اور پھر اس معاملے کو پولیس اور عدالت کے ذریعےرفع دفع کرنے کا تذکرہ  بھی ہو رہا تھا۔لیکن بھاگوت نے خواتین کے شراب پی کر گاڑی چلانے کو ہی مثال بناکر پیش کیا!

اس تقریر میں بھاگوت نے گزشتہ برسوں میں ہر پیرامیٹر پر ہندوستان کی ترقی کے حوالے سےقصیدہ خوانی  کی۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ جھوٹ ہے۔ مودی حکومت اور بی جے پی پچھلے 10 سالوں سے اسی جھوٹ کو دہرا رہے ہیں۔

جیسا کہ ہم نے ذکر کیا کہ تقریر لمبی ہے اور ہمارے دوست کے ساتھ ہی  ہر ایک شخص  اس کے ایک چھوٹے سے حصے کے پیش نظر پرجوش ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ بھاگوت نے نریندر مودی کی سرزنش کی ہے۔ یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ اگرچہ بھاگوت نے مودی کا نام نہیں لیا، لیکن اس بات پر اتفاق رائے ہے کہ انہوں نے اخلاقی قدروں کی پامالی کے لیے مودی کی ہی سرزنش کی ہے۔

بھاگوت نے اپنی تقریر میں کہا کہ انتخابات میں جو کچھ ہوتا ہے اس میں آر ایس ایس کے لوگ نہیں پڑتے۔ لیکن انتخابی مہم کے دوران وہ لوگوں کے خیال اور نظریے کی تطہیر کرتے ہیں۔ تو اس الیکشن میں وہ کس طرح کی تطہیر کر رہے تھے؟

جب ان کے ایک سابق پرچارک اور تاحیات سویم سیوک نریندر مودی نفرت کاپرنالابہا رہے تھے، تب آر ایس ایس کس قسم کی تطہیر کر رہا تھا؟ صرف مودی ہی نہیں پوری بھارتیہ جنتا پارٹی نے انتخابی مہم کو فحش اور نفرت انگیز پروپیگنڈے میں بدل دیا تھا۔ مودی اور ان کی حامی بی جے پی نے پورے ملک کو غلاظت میں نہلا دیا۔ اب لوٹے میں پانی لے کر بھاگوت حاضر  ہوئے ہیں!

سوال قدرومنزلت، تعظیم و تکریم یا اس کی خلاف ورزی کا نہیں ہے، صرف اپوزیشن کی قدرومنزلت کا  نہیں۔اصل سوال ہےاس ملک میں انسانیت کی تعظیم و تکریم  کا، اس کے تحفظ کا، اور وہ اس ملک کا سیکولرازم ہے۔ اقلیتی برادریوں کے تحفظ اور ان کی قدرومنزلت کا سوال اس میں سرفہرست ہے۔ ان کے مساوی حقوق کا سوال اس ملک میں سرفہرست ہے۔

کیا بھاگوت یا آر ایس ایس کا نظریہ اس بارے میں مودی سے مختلف ہے؟ کیا صرف ایک سال قبل آر ایس ایس نے ایک قرارداد پاس نہیں کی تھی، جس میں اس تشویش کا اظہار کیا گیا تھا کہ مسلمان سازش کے تحت اسٹیٹ مشینری میں داخل ہو رہے ہیں؟ کیا آر ایس ایس نے یہ خدشہ ظاہر نہیں کیا تھا کہ مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کے باعث  ہندوستان کی آبادی کی نوعیت اورفطرت بدل جائے گی؟

مودی جس بات کو بڑے کھلے اور بیہودہ انداز میں کہہ رہے تھے، کیا وہ آر ایس ایس کا ہی خیال نہیں ہے؟ پھر مسلمانوں کے خلاف مودی کے نفرت انگیز پروپیگنڈے پر حیرانی کیوں؟

منی پور میں آگ کس نے لگائی؟ منی پور کے سب سے طاقتور ہتھیار بند گروہ آرم بائی تینگول کے ساتھ آر ایس ایس کے تعلقات کے بارے میں منی پور میں جو کچھ کہا جا رہا ہے، کیا اس میں کوئی صداقت نہیں؟ اگر وہ جھوٹ بھی ہے تو پھر خود آر ایس ایس نے پچھلے ایک سال میں اپنے سویم سیوکوں کی حکومت کو اس بارے میں کب اور کیا کہا؟

پچھلے ایک سال میں آر ایس ایس کے سربراہ کئی ‘پر وچن’  دے چکےہیں۔ انہوں نے ایک بار بھی منی پور کا ذکر کیوں نہیں کیا؟ خیال رہے کہ شمال-مشرقی ہندوستان میں آر ایس ایس کی سرگرمی بہت پرانی ہے۔ بذات خوداس نے منی پور میں امن کی بحالی کے لیے کیا کوششیں کیں؟

اگر ہم اپنے آپ کو ان باتوں تک محدود رکھیں تو بھی موہن بھاگوت کے اس ‘پروچن ‘ کا دکھاوا اور کھوکھلا پن اجاگر ہو جاتا ہے۔ اس پروچن کا کوئی مطلب نہیں کیونکہ آر ایس ایس بذات خود مسلمان اور عیسائی مخالف نفرت پیدا کرنے والا کارخانہ ہے۔

بھاگوت نے درست کہا کہ شاکھامیں کچھ سال گزارنے کے بعد آدمی بدل جاتا ہے۔یہ تو پوچھنا ہی پڑے گا کہ کیوں آر ایس ایس کے تمام کارکنان مسلمانوں اور عیسائیوں سے نفرت کرتے ہیں یا ان کے تئیں  مشکوک رویہ رکھتے ہیں۔ کیوں وہ مسلسل گاندھی سے نفرت  کرتے ہیں؟ کیوں آر ایس ایس کے لوگ، اپنے تمام تر دکھاوے کے بعد بھی ذات پات کے نظام میں کامل یقین رکھتے ہیں؟

جس نریندر مودی کے سلسلے میں اب افسوس کیا جا رہا ہے، کیا آر ایس ایس نے اپنی پوری طاقت اسی مودی کو بلندی تک پہنچانے میں نہیں لگا دی تھی؟ کیا 2002 کے سویم سیوک مودی اور 2024 کے مودی میں کوئی فرق ہے؟ اور کیا خود آر ایس ایس کا پورا وجود جھوٹ اور آدھے سچ پر مبنی نہیں ہے؟ کیا آر ایس ایس اس آئین پر پورے دل سے یقین رکھتی ہے جس کی وہ تعریف کرتا ہے؟ کیا جس  گاندھی کو اس نے یادگار بنا رکھا ہے،اسے مارنے والےگوڈسے اور اس قتل کی سازش میں ملوث ساورکر کے تئیں آر ایس ایس کے لوگوں  میں عقیدت  کا جذبہ نہیں ہے؟

یہ سوال آر ایس ایس سے وابستہ لوگوں کو پوچھنا چاہیے، اس کے ناقدین کو نہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آر ایس ایس کے تمام لوگوں میں خود شناسی کا مادہ ختم نہیں ہو گیا  ہے۔ وہ اب بھی اپنے آپ سے کچھ سخت سوال پوچھ کر خود کو آر ایس ایس کے جال سے آزاد کر سکتے ہیں۔

سال 2013 میں، جب نریندر مودی کو پہلی بار بی جے پی کی طرف سے وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار بنایا گیا تھا، تو میں نے آر ایس ایس کے ایک سینئر عہدیدار سے پوچھا تھا کہ گجرات میں مودی  نے ان کی تنظیم کے ساتھ جو سلوک کیا تھا،  کیااس کے بعد بھی وہ مودی کی حمایت کریں گے۔ انہوں نےمسکراتے ہوئے کہا، ‘ہم دو طرح سے اپنی اہمیت کھو سکتے ہیں۔ ایک مودی کی ماتحتی میں اور دوسرا کانگریس کی حکومت میں۔ آپ بتائیے کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے؟

دوسری بات یہ کہ مودی کے وزیر اعظم بننے کے کچھ عرصہ بعد آر ایس ایس کے ایک رکن نے مجھ سے کہا، ‘اگر آپ میں سے کوئی یہ سمجھتا ہے کہ آر ایس ایس کبھی مودی کو ڈسپلن کرے گا، تو یہ آپ کی خوش فہمی ہے۔ آپ بتائیے کہ آر ایس ایس کے  کس چیف کو زیڈ سکیورٹی ملی تھی، کس چیف کی تقریر ہر ٹی وی چینل نے چلائی، کون سوچ سکتا تھا کہ ہر کوئی اسے اتنی اہمیت دے گا؟ یہی نہیں، آر ایس ایس کے چُھٹ بَھیّے کو بھی اب جو اہمیت وزارتوں سے لے کر یونیورسٹیوں تک  میں مل رہی ہے، وہ اور کب ملی تھی۔ یہ سب کس کی مہربانی ہے؟’

نریندر مودی آر ایس ایس کےحقیقی ‘سپوت’ ہیں۔ اور آر ایس ایس مودی کا سب سے بڑا ‘لابھارتھی’ ہے۔ آر ایس ایس کے جن خیالات کو پردے میں  رکھ کر اٹل بہاری یا لال کرشن اڈوانی پیش کیا کرتے تھے ان کو  مودی کے منہ سے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے سنا جا سکتا ہے۔ اور مودی کی وجہ سے بہت سے دانشور اور صنعت کار آر ایس ایس کی سلامی بجاتے ہیں۔ آر ایس ایس  کواور کیا چاہیے؟