خبریں

دہلی: آئی جی آئی ایئرپورٹ پر ٹرمینل – 1 کی چھت گری؛ تین افراد جاں بحق، متعدد زخمی

اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1 کی چھت شدید بارش کے دوران کئی گاڑیوں اور ٹیکسیوں پر گر گئی، جس میں کچھ لوگ دب گئے۔ فی الحال ہوائی اڈے پر چیک-ان کاؤنٹر بند کر دیے گئے ہیں اور دوپہر ایک بجے تک روانگی کی تمام پروازیں رد کر دی گئی ہیں۔

دہلی ایئرپورٹ ٹرمینل 1 کے باہر گاڑیوں پر گری چھت ۔ (تصویر بہ شکریہ: ویڈیو سے اسکرین گریب)

دہلی ایئرپورٹ ٹرمینل 1 کے باہر گاڑیوں پر گری چھت ۔ (تصویر بہ شکریہ: ویڈیو سے اسکرین گریب)

نئی دہلی: دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-1ڈی  کی چھت جمعہ (28 جون) کی صبح تیز بارش کے دوران گر گئی۔ اس حادثے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، یہ چھت گاڑیوں اور ٹیکسیوں پر جا گری،جس میں کچھ لوگ دب  گئے۔ فی الحال سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایئرپورٹ پر چیک-ان کاؤنٹر بند کردیے گئے ہیں۔ ہوائی اڈے کے اطراف میں شدید ٹریفک جام ہے اور دوپہر ایک بجے تک روانہ ہونے والی تمام پروازیں رد کر دی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں دہلی فائر ڈپارٹمنٹ کو صبح 5.30 بجے واقعے کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد فائر ڈپارٹمنٹ کی چار گاڑیاں ریسکیو کے لیے موقع پر پہنچیں۔ چھتوں  کی شیٹ کے علاوہ سپورٹ بیم بھی گرگئے جس سے لوگوں کے پک-اپ اور ڈراپ  کے لیے آئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ وہ ذاتی طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور زخمی افراد کو اسپتال بھیج دیاگیا ہے۔

دہلی انٹرنیشنل ایئر پورٹ لمیٹڈ کے ترجمان نے بتایا کہ علی الصبح سے موسلادھار بارش کی وجہ سے ٹرمینل 1 کے پرانے ڈپارچر کے باہر والے حصے پر لگے کینوپی کا حصہ صبح 5 بجے گر گیا۔ کچھ لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، اور تمام متاثرین کو ہنگامی خدمات کے ذریعے ضروری امداد اور طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ اس واقعے کی وجہ سے ٹرمینل 1 سے تمام پروازیں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر چیک-ان کاؤنٹر کو بند کر دیا گیا ہے۔

معلوم ہو کہ ٹرمینل-1 کو حال ہی میں توسیع دی گئی تھی۔ اس کے توسیع شدہ ورژن کا افتتاح اس سال 11 مارچ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ اب اس واقعے کے بعد اپوزیشن لیڈروں نے وزیر اعظم مودی کو اپنے انتخابی فائدے کے لیے ‘نامکمل’ ورژن کا عجلت میں افتتاح کرنے کے حوالے سے نشانہ بنایا ہے۔

دہلی میں موسلادھار بارش کے بعد محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ دہلی-این سی آر علاقوں میں طوفان کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی اور 20 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

غور طلب  ہے کہ جمعرات (27 جون) کی دیر رات سےجاری  شدید بارش کی وجہ سے جمعہ کی صبح دہلی کی سڑکیں اور کئی رہائشی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔

دہلی کے حوض  خاص علاقے میں آبی جماؤ۔ (تصویر بہ شکریہ: اسپیشل ارینجمنٹ)

دہلی کے حوض  خاص علاقے میں آبی جماؤ۔ (تصویر بہ شکریہ: اسپیشل ارینجمنٹ)

غور طلب  کہ دہلی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے بعد اب موسلا دھار بارش دیکھنے میں آئی ہے۔ دہلی میں گرمی کی لہر سے کم از کم 277 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

محکمہ موسمیات نے لوگوں کو ‘آبی جماؤ والے علاقوں سے بچنے’ اور پھسلن والی سڑکوں سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔