خبریں

نہیں رہے سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری

سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے سابق ممبر سیتارام یچوری دہلی کے ایمس کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔ انہیں پھیپھڑوں میں انفیکشن تھا۔ اسپتال نے جانکاری دی ہے کہ اہل خانہ نے ان کا جسد خاکی تحقیق کے مقصد سے اسپتال کو عطیہ کر دیا ہے۔

سیتارام یچوری۔ [1952-2024] (السٹریشن: پری پلب چکرورتی/دی وائر)

سیتارام یچوری۔ [1952-2024] (السٹریشن: پری پلب چکرورتی/دی وائر)

نئی دہلی: سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے سابق ممبر  سیتارام یچوری کا طویل علالت کے بعد جمعرات کو انتقال ہوگیا۔ وہ  72 سال کے تھے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ، انہیں دہلی ایمس کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں پھیپھڑوں میں انفیکشن کا عارضہ  تھا۔ پچھلے کچھ دنوں سے انہیں مصنوعی طریقے سے سانس لینے میں مدد دی جا رہی تھی اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کر رہی تھی۔

پارٹی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ‘انتہائی افسوس کے ساتھ ہمیں یہ اطلاع دینی پڑ رہی ہے کہ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری، ہمارے پیارے کامریڈ سیتارام یچوری کا آج 12 ستمبر کو دو پہر 3.03 بجے ایمس (نئی دہلی) میں انتقال ہو گیا۔ وہ پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا تھے، جو پیچیدہ ہو گیا تھا… ۔‘

پارٹی ذرائع نے دی وائر کو بتایا کہ یچوری کا جسد خاکی سنیچر کو نئی دہلی کے گول مارکیٹ میں واقع اے کے گوپالن بھون سی پی آئی (ایم) کے ہیڈکوارٹر  لایا جائے گا اور اسی دن بعد میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

وہیں ، دہلی ایمس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یچوری کے اہل خانہ نے ان کا جسدخاکی تحقیق کے مقصد سے ہسپتال کو عطیہ کر دیا ہے۔

یچوری نے 2015 میں سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔ انہوں نے پرکاش کرات کی جگہ لی تھی۔

یچوری نے 1974 میں اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی ) میں شمولیت اختیار کی اور اگلے ہی سال 1975 میں سی پی آئی(ایم ) کے ممبر بن گئے۔ انہیں چند ماہ بعد ایمرجنسی کے دوران گرفتار کر لیا گیا تھا۔

سن 1978 تک، یچوری ایس ایف آئی  کے آل انڈیا جوائنٹ سکریٹری کے طور پر منتخب ہوئے۔  وہ تنظیم کے صدر بھی بنے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، یچوری نے پارٹی کے آنجہانی لیڈر ہرکشن سنگھ سرجیت کی رہنمائی میں سیاست کا فن سیکھا تھا۔

وہ 2005 میں مغربی بنگال سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

لوک سبھا انتخابات سے پہلے یچوری نے حزب اختلاف کی جماعتوں  کے اتحاد ‘انڈیا’ میں سی پی آئی (ایم) کے نمائندے کے طور پر اہم کردار ادا کیا تھا۔

پسماندگان میں ان کے بیٹے، بیٹی اور اہلیہ معروف صحافی سیما چشتی ہیں، جو  دی وائر کی مدیر ہیں۔

تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات لکھے ہیں۔

Categories: خبریں

Tagged as: , , , , ,