خبریں

ایکس کے اے آئی چیٹ باٹ گروک کی غیر مہذب زبان پر آئی ٹی منسٹری کی نظر

آئی ٹی منسٹری اے آئی چیٹ باٹ گروک کے ہندی میں غیر مہذب زبان اور گالیوں کے استعمال کی تحقیقات کر رہی ہے۔ وزارت اس معاملے میں ایکس سے رابطے میں ہے اور اس کے پیچھے کی وجہ کے بارے میں ان سے بات کر رہی ہے۔

گروک  ایک اے آئی  چیٹ باٹ ہے جسے ایکس اے آئی  کمپنی نے تیار کیا ہے جس کی ملکیت ایلون مسک کے پاس ہے۔

گروک  ایک اے آئی  چیٹ باٹ ہے جسے ایکس اے آئی  کمپنی نے تیار کیا ہے جس کی ملکیت ایلون مسک کے پاس ہے۔

نئی دہلی: آئی ٹی کی وزارت نے اے آئی چیٹ باٹ گروک کے ذریعے  ہندی میں غیر مہذب زبان  کے استعمال کا نوٹس لیا ہے۔

انڈین ایکسپریس نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی (آئی ٹی) کی وزارت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ساتھ رابطے میں ہے اور حال ہیں میں اے آئی  چیٹ باٹ گروک کی جانب سے ہندی میں غیر مہذب زبان اور گالی گلوچ کے استعمال کی تحقیقات کرے گی۔

وزارت پورے معاملے اور اس کے پیچھے کی وجوہات کی جانچ کرے گی۔

ایکس  سے بات چیت چل رہی ہے

رپورٹ کے مطابق، وزارت اس معاملے میں  ایکس سے رابطے میں ہے اور ان سے بات کر رہی ہے کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے، گروک بدزبانی اور گالی گلوچ کیوں کر رہا ہے اور اس کے پیچھے کیا وجوہات ہیں؟

ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  کا یہ اے آئی  چیٹ باٹ پچھلے کچھ دنوں سے سرخیوں میں ہے۔ اس نے اس وقت زیادہ توجہ حاصل کی جب اس نے ہندی میں گندی زبان اور گالی گلوچ کا استعمال کیا۔ یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب کچھ صارفین نے گروک کو اکسایا۔

گروک کےبے باک  لاگ لپیٹ کے بغیر جوابات دینے کے  واقعہ نے صارفین کو چونکا دیا ہے اور اے آئی  کے مستقبل کے بارے میں سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔

سوشل میڈیا پر بحث

گروک کی زبان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر دو فریق سامنے آئے ہیں۔

پہلا فریق اسے اے آئی  کی خود مختار اور تجرباتی نوعیت کا حصہ سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق، چیٹ باٹ صرف وہی جواب دیتا ہے جو اس کے الگورتھم اور ڈیٹا میں موجود ہے۔

دوسرا فریق  اسے زبان کے اعتدال کی ناکامی مان رہا ہے اور اے آئی  چیٹ باٹ کو مزید نظم و ضبط کا پابند  بنانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ بہت سے لوگوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اے آئی  کو اتنی خود مختاری دی جانی چاہیے کہ وہ گالی گلوچ اور گندی زبان استعمال کرنے لگے۔

اے آئی  کی زبان اور اعتدال کی پالیسی پر سوال

یہ تنازعہ صرف گروک تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس نے اے آئی چیٹ باٹس کی زبان اور اعتدال کی پالیسی پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی  کو تربیت دینے کے لیے استعمال ہونے والا ڈیٹا اس کی زبان کا تعین کرتا ہے۔ اگر اے آئی  کو غیر حساس اعداد و شمار کے ساتھ تربیت دی جاتی ہے، تو اس کے ردعمل بھی اسی طرح کے  ہو سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ، ہندوستان جیسے کثیر لسانی اور ثقافتی طور پر متنوع ملک میں اے آئی  چیٹ باٹس کی زبان کے اعتدال کے لیے واضح رہنما خطوط ہونے چاہیے۔ اس واقعے نے یہ بھی ظاہر کیا کہ اے آئی کو ہندی جیسی زبانوں میں ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے تاکہ یہ صحیح اور باوقار طریقے سے بات چیت کر سکے۔

Categories: خبریں

Tagged as: , , , , ,