عوام کی توجہ ہٹانے اور ووٹ حاصل کرنے کے لیےاتراکھنڈ کو فرقہ وارانہ پولرائزیشن کے ذریعے سماجی تصادم کی ایک نئی تجربہ گاہ میں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ ایک حساس ہمالیائی ریاست کے طور پر اس کی شناخت مٹائی جا رہی ہے۔
حال ہی میں اتراکھنڈ میں بی جے پی کی ڈبل انجن سرکارنے ان لوگوں کو مضطرب کر دیا ہے، جو ریاست میں سماجی تصادم اور نسلی تعصب میں اضافہ کے امکان سے تشویش میں مبتلا ہیں۔ اتراکھنڈ میں مقامی بنام بیرونی جنون اور عوامی عدم اطمینان کے واقعات میں اضافہ کامشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی حکومت کے تین سال کا جشن منانے کے لیے کروڑوں کے بجٹ کو وزیر اعلیٰ کے چہرے کو چمکانےکی فضول خرچی میں بہایا جا رہا ہے۔ بے روزگاری،نقل مکانی، روایتی کاشتکاری کے خاتمے، گھوٹالوں اور بدعنوانی کے چرچے عام ہیں۔
ریاست کے تین اضلاع میں مغل ناموں والے پندرہ مقامات کے نام تبدیل کر دیے گئے ۔ اس میں دہرادون کا ایک قدیم علاقہ میانوالا بھی شامل ہے۔ یہ گاؤں راجپوت میاں کی نسلوں کا آبائی گاؤں ہے۔ آج بھی یہاں کے راجپوت اپنے ناموں میں میاں لگاتے ہیں۔ چونکہ یہ نام مسلمانوں سے ملتا جلتا ہے، اس لیے جہالت کے اندھیروں میں بھٹکتی حکومت کو نام بدلنے پر شدید عوامی غصہ کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔
مسائل کا حل نہیں
ڈھائی دہائی قبل ریاست کے الگ ریاست بننے کے بعد بننے والی حکومتوں کی ناکامیوں کی وجہ سے یہاں سے نقل مکانی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ سابق وزیر اعلی ترویندر سنگھ نے اتراکھنڈ کے چار میدانی علاقوں میں غیر قانونی کان کنی کے ریکیٹ پر اپنی پارٹی کی حکومت اور وزیر اعلیٰ دھامی پر حملہ کرتے ہوئے ریاستی بی جے پی اور حکومت میں اندرونی کشمکش کو مزید تیز کر دیا۔ ترویندر فی الحال ہریدوار لوک سبھا سیٹ سے ایم پی ہیں۔
اسے پشکر سنگھ دھامی کو ہٹانے کی مہم سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم، سابق کابینہ وزیر اور ٹہری کے بی جے پی ایم ایل اے کشور اپادھیائے نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی ایک لاعلاج بیماری ہے۔ ان کا مشورہ ہے کہ صاف ستھرے ہونے کا دعویٰ کرنے والے تمام سابق وزرائے اعلیٰ کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
اتراکھنڈ میں امن و امان کی خراب صورتحال اور حکومت اور مجرموں کے درمیان گٹھ جوڑ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 18 ستمبر 2022 کو رشی کیش کے قریب 19 سالہ انکیتا بھنڈاری کے قتل کا الزام بی جے پی اور آر ایس ایس کے ایک طاقتور رہنما ونود آریہ کے بیٹے پلکیت پر لگایا گیا تھا ۔ انکیتا کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ وزیر اعلیٰ دھامی سی بی آئی انکوائری اس لیے نہیں ہونےدے رہے ہیں کیونکہ اس قتل کے پیچھے ریاستی بی جے پی کے ایک عہدیدار کا ہاتھ ہے۔
اتراکھنڈ میں بھی ہماچل کی طرز پر سخت زمینی قوانین کے لیے ایک طویل عرصے سے تحریک چل رہی ہے۔ لیکن 2018 میں نریندر مودی حکومت نے دہلی سے ریاست پر زمین کا ایسا قانون مسلط کر دیا، جس نے یہاں کے نازک پہاڑوں کو بیش قیمتی زمینوں کی خرید و فروخت کی منڈی میں تبدیل کر دیا۔
ریاستی اور مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں، زراعت، جنگل، زمین، سرکاری وسائل اور معاشی سرگرمیوں پر بیرونی ریاستوں سے آنے والے لوگوں نے پورے پہاڑ کو کامرشیل ہب بنا دیا ہے۔ بی جے پی سخت زمینی قوانین اور اصل تحریک کو کچلنے کے لیےحربے اپنا رہی ہے۔ دو مقامی سیاسی کارکنوں، آشوتوش نیگی اور آشیش نیگی کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا۔
سماجی نفرت کو فروغ دینا
بی جے پی اور سنگھ پریوار سے وابستہ درجنوں تنظیمیں ریاست کے کچھ حصوں میں آباد مسلم کمیونٹی کو نشانہ بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے ریاستی حکومت کے وزراء اور کئی عہدیدار مقامی باشندوں اور باہر کے لوگوں کے درمیان دشمنی بڑھا رہے ہیں۔
ریاست کی تشکیل کے بعد پہلی بار ریاست کے سینئر کابینہ وزیر پریم چند اگروال کی طرف سے اسمبلی کے اندر مقامی پہاڑی باشندوں کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے بعد ریاست بھر میں ایک تحریک پھیل گئی اور پھر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ لوگ ان سے اس لیے بھی ناراض ہیں کیونکہ انہوں نے انکیتا بھنڈاری قتل کیس کو چھپانے اور اس قتل میں بی جے پی کے وی آئی پی کے مبینہ کردار کے بارے میں سچائی کو چھپانے کے بارے میں بیانات دیے۔
ستم ظریفی یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ دھامی حکومت ایک وزیر کے استعفیٰ سے بھی محفوظ نہیں ہے۔ دھامی پارٹی ہائی کمان کو وضاحت دینے کے لیے دہلی دوڑ لگاتے رہتے ہیں۔
یو سی سی ریاست کو کیسے بدلے گا؟
اس سال کے شروع ہوتے ہی حکومت نے ریاستی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا اور یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو اکثریت کے زور پر پاس کرایا۔ یو سی سی کے بارے میں نہ تو اپوزیشن کو کچھ بتایا گیا اور نہ ہی عام لوگوں کو معلوم ہے کہ اس کے نفاذ کے بعد عوام کی تقدیر کیسے بدلنے والی ہے۔
سپریم کورٹ کے سینئر وکیل کپل سبل کا کہنا ہے کہ اتراکھنڈ میں بی جے پی کا یہ منصوبہ ملک کے آئین میں مداخلت ہے۔ ایسا قانون بنانے کا اختیار صرف ملک کی پارلیامنٹ کو ہے۔ یہ شق ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 44 کو غیر مؤثر بنانے کی کوشش ہے۔ کسی بھی ریاستی حکومت کو ان اختیارات میں ترمیم کرنے کی اجازت دینا جو صرف ملک کی پارلیامنٹ کو حاصل ہیں غیر قانونی اور آئین کے خلاف ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دو سال قبل ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ نے اتراکھنڈ میں یو سی سی بنانے کے حوالے سے کہا تھا کہ اس کے بعد آہستہ آہستہ ملک کی تمام ریاستیں اتراکھنڈ جیسا قانون بنائیں گی اور اس کے بعد پارلیامنٹ قانون پاس کرے گی۔ لیکن ایک ریاست کس طرح مرکزی قانون کو صرف اپنی ریاست میں نافذ کر سکتی ہے اور من مانی طور پر ایک نظیر بنا سکتی ہے؟
دراصل عوام کی توجہ ہٹانے اور ووٹ حاصل کرنے کے لیے اتراکھنڈ کو فرقہ وارانہ پولرائزیشن کے ذریعے سماجی تصادم کی نئی تجربہ گاہ بنایا جا رہا ہے۔ اس طرح ایک حساس ہمالیائی ریاست کے طور پر اس کی شناخت مٹائی جا رہی ہے۔
(اوما کانت لکھیڑا سینئر صحافی ہیں۔)