گورکھپور، 13 اگست (یو این آئی)اترپردیش کے گورکھپور میں واقع بابا راگھوداس میڈیکل کالج میں گزشتہ تین دنوں میں 65 سے
زائد بچوں کی اموات سے ناراض طالب علموں نے آج وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف سیاہ پرچم دکھائے اور نعرے بازی کی۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے اپنے اعلی افسران کے ساتھ میڈیکل کالج میں جائزہ میٹنگ کرنے
کے بعد وارڈوں کا معائنہ کیا۔
دریں اثنا، کالج کے داخلی دروازے پر دین دیال اپادھیائے گورکھپور یونیورسٹی طلبا یونین کے صدر امن یادو سمیت کچھ طالب
علموں نے وزیر اعلی کو سیاہ پرچم دکھایا اور نعرے بازی کی۔ پولیس اہلکاروں نے ان طلباء کو حراست میں لے لیا ہے۔
وزیر اعلی بننے کے بعد مسٹر یوگی کو پہلی بار اپنے علاقے میں طالب علم لیڈروں کی مخالفت برداشت کرنی پڑی۔ کئی تنظیموں نے
کل گورکھپور بند کا اعلان کیا ہے۔ اسی درمیان، کچھ تنظیموں نے آج گورکھپور واقع شاستری چوک پر وزیر اعلی کا پتلا نذر آتش کیا۔
مشرقی اتر پردیش کے دیگر اضلاع دیوریا، سنت كبيرنگر اور کشی نگر سے بھی ریاستی حکومت کے خلاف مظاہرہ جاری رہا۔
کشی نگر میں طالب علموں نے سیاہ پٹی باندھ كر مظاہرہ کیا۔ دیوریا میں سبھاش چوک پر وزیر اعلی کا پتلا کانگریسی کارکنوں نے
نذر آتش کیا۔
Categories: خبریں