بنگلور: سینئر کنڑ صحافی اور سماجی خدمت گار گوری لنکیش کو منگل کی رات یہاں ان کی رہائش گاہ پر نامعلو م بندوق برداروں نے گولی مارکر قتل کردیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ حملہ آور گوری کا انتظار کررہے تھے۔ وہ اپنے دفتر سے واپس آنے کے بعد راج راجیشوری نگر میں واقع اپنے گھر پہنچیں اور دروازہ کھول رہی تھیں اسی وقت حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند گولیاں چلائیں۔
رپورٹوں کے مطابق محترمہ گوری کو تین گولیاں لگیں جبکہ چار گولیوں کے نشان دیوار پر ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس کمشنر سمیت اعلی پولیس حکام موقع پر پہنچے اور وہاں کا معائنہ کیا ۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے ۔
محترمہ گوری لنکیش سنگھ پریوار اور بے جے پی کے خلاف جرات کے ساتھ لکھتی رہی ہیں۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ ڈھابولکر‛ پنسارے اور کلبرگی کے بعد ان کا قتل اس بات کی علامت ہے کہ سنگھ پریوار اپنے خلاف اٹھنی والی ہرآواز کو دبادینے کے لئے تیار ہے۔
وزیراعلی سدارمیا نے محترمہ گوری کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
(ایجنسی کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں