تلگو دیشم کے کارگزارصدرورکن اسمبلی ریونت ریڈی کی دہلی میں راہل گاندھی سے ملاقات کے بعداپوزیشن میں شامل ہونے کی قیاس آرائی کی جارہی تھی ۔
حیدرآباد:تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کی میٹنگ میں پارٹی لیڈروں کے درمیان بحث و تکرار کا معاملہ سامنے آیا۔ حال ہی میں تلنگانہ تلگو دیشم کے کارگزار صدر ورکن اسمبلی ریونت ریڈی کی دہلی میں راہل گاندھی سے ملاقات سے ان کے جلد ہی ریاست کی اصل اپوزیشن کانگریس میں شامل ہونے کی میڈیا اطلاعات گشت کررہی تھیں۔
آج تلگودیشم کے ہیڈکوارٹرس این ٹی آر بھون میں پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں ریونت ریڈی سمیت ایل رمنا‘ایم نرسمہلو‘اروند کمارگوڑ‘ پدی ریڈی ‘ آرپرکاش گوڑ‘ آرچندرشیکھرریڈی ‘ ناماناگیشورراؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔ریونت ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کی میڈیا اطلاعات کے دوران اس میٹنگ کو اہمیت حاصل ہوگئی تھی تاہم اس میٹنگ میں پارٹی کے لیڈروں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی۔
بتایا جاتا ہے کہ راہل گاندھی سے ریونت ریڈی کی ملاقات کے مسئلہ کو ایم نرسمہلو ‘اروند کمار گوڑ اور دوسروں نے اٹھایا اور اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سربراہ کی اجازت کے بغیرریونت ریڈی نے راہل گاندھی سے کیوں ملاقات کی؟اس مسئلہ پر ریونت ریڈی پر برہمی کا اظہار بھی کیا گیا۔ بحث و تکرارکےدوران ایم نرسملو اور اروند کمارگوڑ میٹنگ چھوڑکر درمیان سے ہی چلے گئے۔بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آرپرکاش ریڈی نے کہا کہ اس میٹنگ کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ ریاستی اسمبلی کو مانسون اجلاس کے مسئلہ پر یہ میٹنگ منعقد کی گئی۔اسمبلی میں اٹھائے جانے والے مسائل پر اس میٹنگ میں تبادلہ خیال کیاگیا۔
Categories: خبریں