ہدایت کار خوشبو رانکا اور ونئے شکلا نے کہا، فلم میں بد عنوانی مخالف تحریک سے لےکر اروند کیجریوال کے ایک سیاستدان کے طور پر ابھرنے کی کہانی ہے۔
نئی دہلی: وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی سیاسی زندگی پر مبنی ڈاکیومینٹری فلم An Insignificant Man کے ہدایت کار ونئے شکلا نے کیجریوال اور یوگیندر یادو کو موجودہ سیاست کی دو ضروریات بتایا۔
اس فلم کا انتظار کر رہے ناظرین کے لیے یہ اچھی خبر ہے کہ فلم ریلیز ہورہی ہے ۔واضح ہوکہ دی للن ٹاپ پورٹل پر گجیندر نے لکھا تھا کہ دنیا کے بہت سے فلم فیسٹیول میں دیکھی جارہی فلم An Insignificant Manکو پاس کرنے کے لیے سینسر بورڈ نے ایک شرط رکھ دی ہے جو بہت بچکانی ہے اور جسے پورا کرنا ناممکن ہے ۔دراصل سی بی ایف سی نے اس فلم کو سرٹیفیکٹ دینے سے اس لیے منع کر دیا تھا کہ فلم میں وزیر اعظم نریندر مودی ،سمیت کئی لیڈروں کے ویڈٰیو کلپ موجود ہیں اس لیے ان تمام لیڈروں سے این او سی لینا ضروری ہے۔ ٹورنٹو عالمی فلم فسٹیول، برٹش فلم انسٹی ٹیوٹ لندن فلم فسٹیول، بسان عالمی فلم فسٹیول جیسے 50 سے زیادہ عالمی فلم تقریبات میں تعریف بٹور چکی یہ فلم 17 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔
شکلا نے خبر رساں ایجنسی بھاشا سے ایک خاص بات چیت میں کہا، ‘اروند اور یوگیندر آج کی سیاست کی دو ضرورت ہیں۔ ہمیں ایک ایسے شخص کی بھی ضرورت ہے جو اپنا سینہ ٹھوککر کہہ سکے کہ میں صحیح ہوں، جو بھی ذمہ داری ہوگی وہ میری ہوگی اور جو اپنے بچّوں کی قسم کھاکر کہہ سکے کہ یہی صحیح ہے۔ ‘
وہیں سوراج ابھیان پارٹی کے بانی ممبر یوگیندر یادو کو لےکر ونئے نے کہا، ‘ہمیں یوگیندر یادو کی بھی ضرورت ہے جو زیادہ اکادمک ہو، جو اعداد و شمار اور حوالے کی بات کرتا ہو۔ ‘
An Insignificant Man, Anand Gandhi کیجریوال کی بد عنوانی مخالف تحریک سے لےکر ان کے ایک سیاستدان کے طور پر ابھرنے کی کہانی ہے۔ اس کو ایک ڈاکیومنٹری فلم کے طور پر تیار کیا گیا ہے جس میں پارٹی کے حقیقی اجلاس، واقعات وغیرہ کے ویڈیو کلپ کا استعمال کیا گیا ہے۔
فلم کو بنانے میں Ship of Theseus کے شہرت یافتہ آنند گاندھی نے کیا ہے جبکہ اس کی ہدایت ونئے شکلا نے خوشبو رانکا کے ساتھ ملکر کی ہے۔ اس فلم کو بنانے کے لیےکراؤڈ فنڈنگ کی گئی ہے۔
عام آدمی پارٹی بننے کے بعد کیجریوال اور یادو کے درمیان ہوئے اختلاف کو فلم میں کس طرح دکھایا گیا ہے، اس سوال پر خوشبو نے کہا، ‘ دونوں کےالگ ہونے سے پہلے ہی یوگیندر یادو فلم میں اہم طور پر دکھائی دیتے ہیں۔ اس کا ایک اہم سبب یہ بھی ہے کہ اروند اور یوگیندر دونوں بہت الگ ہیں۔ ان کا چیزوں کو دیکھنے کا طریقہ، سیاست کرنے کا طریقہ بھی الگ ہے اور فلم بنانے کے لئے ان دونوں کے درمیان کا جو فرق ہے وہ ہمیں بہت دلچسپ لگتا تھا۔ ‘
انہوں نے کہا، ‘یوگیندر تھوڑا محتاط رہتے ہیں۔ وہ اعداد و شمار پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔ اروند عملی ہیں۔ وہ لوگوں کو بھانپکر، بھیڑ کے حساب سے تقریر دیںگے اور ایک کہانی کی طرح سیاست کو بتاتے ہیں۔ دونوں کے بولنے کے طریقے میں فرق ہے اور ان کی تاریخ ایکدم الگ ہے۔ دونوں کے درمیان اتنا فرق ہوتے ہوئے بھی ایک پارٹی میں رہنا ہمیں اور باقی لوگوں کو کافی دلچسپ لگتا تھا۔ ‘
خوشبو نے کہا، ‘ان دونوں کے درمیان اختلاف کا کیا امکان ہے اور یہ امکان آگے جاکر بڑھ سکتا ہے، یہ بات فلم شوٹ کے وقت ہمیں صاف طور پر محسوس ہوئی اور یہ آپ کو فلم میں بھی نظر آئےگا۔ ‘
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں