اترپردیش کے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ مدرسوں میں ریاضی اور سائنس کی تعلیم کو لازمی کئے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
نئی دہلی : اترپردیش کی حکومت جلد ہی مدارس میں این سی ای آر ٹی کی کتابیں نصاب میں شامل کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اترپردیش کے نائب وزیراعلیٰ دینیش شرما نے ٹوئٹ کر کے بتایا کہ اب مدارس میں این سی ای آرٹی کی کتابوں سے طلبہ کو تعلیم دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ مدرسوں میں جدید موضوعات کے ساتھ ساتھ طلبہ کو سائنس اور ریاضی کا مطالعہ لازمی ہوگا۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ؛مدرسوں میں این سی ای آرٹی کی کتابوں سے بھی ہوگی پڑھائی ،مدرسہ بورڈ کر رہا ہے تیاری۔مسٹر شرما نے کہا کہ مدرسوں میں ریاضی اور سائنس کی تعلیم کو لازمی کئے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
मदरसों में NCERT की किताबों से भी होगी पढ़ाई, मदरसा बोर्ड कर रहा तैयारी। pic.twitter.com/Q7S1G6lxe7
— Dr Dinesh Sharma BJP (@drdineshbjp) October 30, 2017
حکومت کی منظوری ملنے کے بعد مدرسہ بورڈ میں این سی آر آر ٹی کی کتابیں شامل کر دی جائیں گی ۔انہوں نے بتایا کہ 2000 سرکاری مدارس میں این سی ای آرٹی کی کتابوں سے تعلیم دی جائیں گی۔ انہوں بتایا کہ حکومت نے مدرسوں میں کورس کو بہتر بنانے کے لئے ایک 40 رکنی کمیٹی بنائی تھی۔ کمیٹی نے حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، حکومت مدارس میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے مدارس میں اردو، انگریزی، ریاضی، سائنس اور سوشل سائنس کو لازمی کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندی اور انگریزی کے علاوہ، مدارس میں دیگر مضامین کی تمام کتابیں اردو میں ہوں گی، جن میں ریاضی اور سائنس بھی شامل ہیں۔ ریاستی حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے تقریباً 1700 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ منظورشدہ مدارس اور پرائمری اسکولوں میں جدید تعلیم فراہم کرنے کے لئے حکومت نے 394 کروڑ روپے منظور کیے ہیں۔
(خبررساں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں