خبریں

یو پی : ٹرین میں مسجد کے پیش امام سمیت دو اور لوگوں پر جان لیوا حملہ

 باغپت کوتوالی کے انچارج نے کہا ہے کہ اس کیس کو ریلوے پولیس کو ٹرانسفر کر دیا گیا ہے۔

Photo : NDTV

Photo : NDTV

نئی دہلی:اترپردیش میں باغپت کوتوالی علاقے میں دہلی سے شا ملی کو جانے والی پسنجر ٹرین میں سفر کر رہے مسافروں کے ساتھ کچھ سماج دشمن عناصر نے جم کر مار پیٹ کی اور چوہلدا گاؤں کی مسجد کے پیش امام گلزار خان کا گلا دبا کر قتل کرنے کی کوشش کی ۔گلزار خان کے علاوہ دو اور مسافر اسراراور ابرار پر بھی حملے کی بات کہی گئی ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر گاؤں والوں نے ریلوے اسٹیشن پر پہنچ کر ملزمان کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔پولیس ذرائع نےبتایا کہ باغپت کے چوہلدا گاؤں کی مسجد کے پیش امام گلزار خان کل دیر رات تقریباً 11:00بجے دہلی سے شا ملی جانے والی پسنجر ٹرین سے اہیڑا آ رہے تھے۔ ا ن کا الزام ہے کہ جیسے ہی ٹرین اہیڑا اسٹیشن پر پہنچی کچھ سماج دشمن عناصر نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی اوراس کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی۔

مسٹر خان نے الزام لگایا کہ ان لوگوں نے گلا دبا کرانہیں جان سے مارنے کی کوشش بھی کی،کسی طرح انہوں نے اپنی جان بچائی۔ واقعہ کی واقعہ اطلااع ملنے پر گاؤں کے لوگ ریلوے اسٹیشن پر پہنچے اور ریلوے اسٹیشن پر ہی ملزمان کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔ بعد میں لوگوں نے کوتوالی پہنچ کر بھی ہنگامہ کیا۔

دریں اثناجی آر پی کے تھانہ انچارج نے معاملہ کی جانکاری سے انکار کیا ہے۔ گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر ملزموں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو وہ مظاہرہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ پولیس نے رپورٹ درج کر کے چھان بین شروع کردی ہے۔ باغپت کوتوالی کے انچارج نے کہا ہے کہ اس کیس کو ریلوے پولیس کو ٹرانسفر کر دیا گیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی یواین آئی اردو اور پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)