خبریں

ویاپم معاملے میں آدھی رات تک سماعت،30 کی پیشگی ضمانت مسترد

عدالت نے جمعرات کو اس کے سامنے پیش نہیں ہونے والے ملزمین کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کیے ہیں ۔

vyapam

بھوپال: مدھیہ پردیش کے پروفیشنل اکزامنیشن بورڈ (وياپم) گھوٹالے کی جانچ کر رہی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت میں جمعرات کو یہاں پری میڈیکل ٹیسٹ( پی ایم ٹی 2012)میں بے ضابطگیوں کے سلسلے میں 592 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کئے جانے کے بعد شروع ہوئی کارروائی 2:30بجے تک جاری رہی۔

دریں اثنا،پرائیویٹ میڈیکل کالج کے منتظمین سمیت 30 ملزمان کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی ۔خصوصی جج ڈی پی مشرا کی عدالت میں جن ملزمان کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کی گئی ہے، اب ان کے سامنے ہائی کورٹ جانے کا متبادل ہے۔

ان ملزمان میں پرائیویٹ میڈیکل کالج کے ڈائرکٹر ڈاکٹر اجے گوینکا، سریش این و جے ورگیہ، کیپٹن امبريش شرما، ڈاکٹر ڈی کے ستپتھي، ڈاکٹر وجے کمار پانڈے اور دیگر لوگ شامل ہیں۔ تاہم، عدالت نے پندرہ ان ملزمین کی پیشگی ضمانت منظور کرلی جو اس کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

یہ چارج شیٹ پی ایم ٹی 2012 سے منسلک سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے ایم بی بی ایس کی تین سو سے زائدسیٹوں کے خلاف داخلے میں گڑبڑی سے متعلق ہے۔عدالت نے جمعرات کو اس کے سامنے پیش نہیں ہونے والے ملزمین کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کیے ہیں ۔

اس کیس میں عدالت میں چودہ گھنٹے سے زیادہ سماعت جاری رہی ۔سپریم کورٹ کے حکم پر وياپم گھوٹالے کی جانچ کر رہی سی بی آئی نے ریاستی حکومت کے اس وقت کے طبی تعلیمی ڈائرکٹر ایس سی تیواری، وياپم کے اس وقت کے سینئر افسر پنکج ترویدی،اس وقت کے سینئر سسٹم انالسٹ نتن موہندر، اس وقت کے ڈپٹی سسٹم انالسٹ اجے کمار سین اور اس وقت کے پروگرامر سی کےمشرا کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔ انڈیکس میڈیکل کالج کے صدر سریش سنگھ بھدوريااور ایل این میڈیکل کالج کے صدر جے این چوكسے کا نام بھی چارج شیٹ میں شامل ہے۔

ان پرائیویٹ میڈیکل کالجوں پر الزام ہے کہ انہوں نے وياپم حکام اور بچولیوں کی سازباز سے ریاستی حکومت کے کوٹے کی سیٹوں میں بھی نقب زنی کی اور 292 ایسے افراد کو داخلہ دیا جو پی ایم ٹی امتحان میں شامل بھی نہیں ہوئے تھے۔ یہ سیٹیں 50 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک میں فروخت کی گئی تھیں۔

جانچ ایجنسی نے ایسے 292 افراد کی نامزدگی میں دھاندلی کا معاملہ ریاستی حکومت کو ضروری کارروائی کے لئے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔سی بی آئی نے جانچ میں پایا کہ ان میڈیکل کالجوں نے پریا گپتا بنام چھتیس گڑھ اور دیگر کے معاملوں میں سپریم کورٹ کے آٹھ مئی 2012 کے رہنما خطوط کی نہ صرف خلاف ورزی کی ہے بلکہ ریزرویشن قوانین کو بھی نظر انداز کیا ہے۔

245 ملزمان کے ناموں کو پہلی بار چارج چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پی ایم ٹی 2012 گھوٹالہ معاملے میں اب تک مجموعی طور پر 22 بچولیوں، 46 اکزام انویجیلیٹروں ، طبی تعلیمی محکمہ کے دو افسروں اور چار پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے 26 عہدیداروں کے نام سی بی آئی کی چارج شیٹ میں شامل کئے جا چکے ہیں۔