خبریں

2جی الاٹمنٹ معاملے میں اے راجہ،کنی موجھی سمیت سبھی الزامات سے بری

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا ؛بے بنیاد تھا 2 جی کا پروپیگنڈہ۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ؛2جی پر عدالت کا فیصلہ کانگریس کےلئے ’ایمانداری کا تمغہ‘ نہیں ۔

Photo: UNI Urdu

Photo: UNI Urdu

نئی دہلی:مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی پٹیالہ ہاؤس واقع خصوصی عدالت نے آج 2جی اسپیکٹرم الاٹمنٹ معاملے میں سابق ٹیلی کمیونی کیشن وزیر اے راجہ اور دروڑ منیتر کشگم (ڈی ایم کے )لیڈر کنی موجھی سمیت سبھی ملزمین کو بری کردیا ہے۔عدالت نے 2010 کے اس معاملے پر اپنا فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ استغاثہ اپنا معاملہ ثابت کرنے میں پوری طرح ناکام رہا۔اس معاملے میں راجہ اور کئی دیگر ملزمین تھے۔کامپولر اور آڈیٹر جنرل (سی اے جی)کی رپورٹ میں 2جی اسپیکٹرم گھوٹالے کو 1،76،000کروڑ روپے کا بتایا گیا تھا۔حالانکہ سی بی آئی نے اپنی چارج شیٹ میں قریب 31ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالے کا ذکر کیا تھا۔
2جی اسپیکٹرم الاٹمنٹ کے تحت 2010 سے پہلے ’’پہلے آؤ پہلے پائو‘‘ کے تحت الاٹمنٹ کیا جاتا تھا۔اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد اس طریقہ کار کو رد کرنے کے ساتھ ہی کئی الاٹمنٹ لائسنس مسترد کئےگئے تھے۔بعد میں الاٹمنٹ نیلامی کے ذریعہ کیا جانے لگا تھا۔2014 میں عام انتخابات میں 2جی اسپیکٹرم الاٹمنٹ بڑا انتخابی موضوع بنا تھا۔

بے بنیاد تھا 2 جی کا پروپیگنڈہ:منموہن سنگھ

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے آج کہا کہ 2 جی معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے فیصلے سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ اس کے سلسلے میں ا ن کی حکومت کے خلاف جو بڑے پیمانے پر وپیگنڈہ کیا تھا وہ بالکل بے بنیاد تھا۔ڈاکٹر سنگھ نے یہاں پارلیامنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بڑی بڑی باتیں نہیں کرنا چاہتا ۔ فیصلہ اپنی کہانی خود کہہ رہا ہے۔‘ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ’عدالت کے حکم کا احترام کیا جانا چاہئے ۔ مجھے خوشی ہے کہ عدالت نے واضح طورپر کہا ہے کہ یو پی اے کے خلاف پروپیگنڈہ بے بنیاد تھا۔‘واضح ہو کہ  جس زمانے میں اسپیکٹر م الاٹمنٹ ہوا تھا اس وقت ڈاکٹر منموہن سنگھ وزیر اعظم تھے۔

2جی پر عدالت کا فیصلہ کانگریس کےلئے ’ایمانداری کا تمغہ‘ نہیں :حکومت

مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی )کی پٹیالہ ہاؤس واقع ایک خصوصی عدالت کے ذریعہ 2جی گھوٹالہ معاملے سبھی ملزمین کو آج بری کئے جانے پر حکومت نے کہا ہے کہ اس سے کانگریس کو ’ایمانداری کا تمغہ‘نہیں مل جاتا۔

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے یہاں پارلیامنٹ کے احاطے میں اس فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نامہ نگاروں سے کہا’’عدالت فیصلہ آنے کے بعد سے ہی کانگریس لیڈر ایسا ظاہر کررہےہیں جیسے انہیں ایمانداری کا تمغہ مل گیا ہو اور عدالت نے ان کی پالیسی کو ایماندار پالیسی کا سرٹیفکیٹ دے دیا ہو۔‘‘

انہوں نے مالی سال 08-2007میں کئے گئے 2جی اسپیکٹرم الاٹمنٹ سے لےکر 2016تک کے اسپیکٹرم الاٹمنٹ کے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش کی کہ اس سے سرکاری خزانے کو کتنا نقصان ہوا ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ مانتے ہیں کہ کوئی گھوٹالہ ہوا ہے ،مسٹر جیٹلی نے کہا کہ انہوں نے سارے اعدادو شمار اور حقائق میڈیا کے سامنے رکھ دئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جانچ اور استغاثہ ایجنسی عدالت کے فیصلے کا اچھی طرح مطالعہ کرنے کے بعدآگے کی حکمت عملی طے کرے گی۔

ونود رائےکو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔کپل سبل

دریں اثنا 2جی اسپیکٹرم معاملے تمام ملزموں کو بری کیے جانے کے بعدسابق کیگ ونود رائے اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے  کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل کہا کہ 2جی الاٹمنٹ سے ہوئے نقصان کے بارے میں ان کارخ صحیح ثابت ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں پہلے دن سے ہی کہہ رہا تھا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے اورآج یہ بات ثابت ہوئی ۔اصل میں ونود رائے کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا اور یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)